ملّی فریضہ کی انجام دہی پر ادارہ سیاست کی سراہنا
حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) ادارہ سیاست کی جانب سے لاوارث مسلم نعشوں کی تدفین عمل میں لائی گئی۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو الوال چرچ ہوم کا مراسلہ موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ یہاں زیر کفالت زینب بیگم کا انتقال ہوگیا لہذا اُن کی تدفین کی خواہش کی گئی۔ اِسی طرح حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے بھی 9 درخواستیں موصول ہوئیں چنانچہ 10 مسلم نعشوں کی تجہیز و تکفین کا کام انجام دیا گیا۔ اِن نعشوں کو الوال چرچ ہوم کے علاوہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کیا گیا۔ جناب سید عبدالمنان کی نگرانی میں قبرستان تھرتھرے شاہ، بنسی لال پیٹ میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ مولانا خواجہ معزالدین اشرفی سابق خطیب مسجد محمدیہ کشن باغ نے نماز جنازہ پڑھائی۔ جناب رضوان بیگ سابق ایڈیشنل ڈی سی پی ٹریفک کنگ کوٹھی نے ادارہ سیاست کی اِس غیر معمولی ملی خدمات کی سراہنا کی۔ اُنھوں نے کہاکہ آج سے 13 برس پہلے لاوارث مسلم نعشوں کا جو انجام ہوتا تھا اِس بارے میں وہ تبصرہ بھی کرنا نہیں چاہتے لیکن آج اسلامی طریقہ پر اُن کی تجہیز و تکفین کے بارے میں روزنامہ سیاست میں خبریں دیکھ کر اُنھیں بیحد خوشی و مسرت حاصل ہوتی ہے۔ اُنھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمدردان ملت کی اِس کوشش کو قبول فرمائے۔ اِسی طرح محترمہ بشریٰ تبسم نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا اور اُن کے حق میں دعا کی۔ جناب زاہدعلی خاں ایڈیٹر سیاست نے جناب سید عبدالمنان اور مولانا سمیع اللہ خاں مسجد سنی پورہ کے علاوہ اہلیان محلہ سے اِس غیرمعمولی کاز میں تعاون پر اظہار تشکر کیا۔