اسلام آباد ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز کی دو مقدمات میں ضمانت اور عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ وجوہات جانے بغیر کسی بھی ملزم کو حاضری سے مستثنیٰ نہیں کیا جاسکتا۔ پولیس اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں مولانا عبدالعزیز کے وکیل طارق اسد نے درخواستوں کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اْن کے موکل کو حبس بیجا میں رکھا ہوا ہے جبکہ ان کے گھر کے باہر بھی رینجرز اور پولیس کی بھاری جمعیت تعینات کردی گئی ہے۔ اْنھوں نے کہا کہ ایسے حالات میں اْن کے موکل کیسے عدالت میں آسکتے ہیں جبکہ پولیس کی بھاری جمعیت نے اْن کے گھر کا بھی محاصرہ کر رکھا ہے اور یہ اقدام کسی بھی شخص کو حبس بیجا میں رکھنے کے مترداف ہے۔ لال مسجد کے سابق خطیب نے عدالت سے استدعا کی کہ کمرہ عدالت میں موجود میڈیا کے نمائندوں کو باہر نکال دیا جائے تاہم عدالت نے مولانا عبدالعزیز کی یہ درخواست مسترد کردی اور درخواستوں کے حق میں دلائل دینے کا حکم دیا۔