نئی دہلی ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) لال قلعہ کا کل دورہ کرنے والوں کو ایک نادر موقع مل جائے گا کہ وہ مقبول مغل شہزادیوں جہاں آراء اور روشن آراء سے ملاقات کرسکے۔ ان کے ناموں سے دارالحکومت دہلی کی یہ تاریخی تقریب مربوط ہے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا دہلی سرکل کی جانب سے شہر کی تاریخ اور یہاں کی میراث کو عوام کیلئے قابل رسائی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ 19 نومبر سے 25 نومبر کے درمیان ورلڈ ہریٹیج بھی بنایا جارہا ہے۔ اس موقع پر منعقدہ تقاریب کے دوران لال قلعہ کا دورہ کرنے والوں کو دیوان خاص دیکھنے کا موقع ملے گا جو 17 ویں صدی کے اس قلعہ کی شان ہے۔ یہاں پر مغل شہنشاہ شاہجہاں کی دختران ان کا خیرمقدم کریں گے۔ 2.30 بجے سے 3.30 بجے کے درمیان منعقدہ ایک گھنٹے کے پروگرام کے دوران مغل شہنشاہ کے دور کی جھلکیاں پیش کی جائیں گی جس میں شہنشاہ کی دختران کا کردار بھی پیش کیا جائے گا۔ جو لوگ کل دیوان خاص کا دورہ کریں گے، وہ دو شہزادیوں سے ملاقات کریں گے۔ مغل دور کے لباس میں ملبوس فنکار شہریوں کا خیرمقدم کریں گے۔ اس پروگرام کا مقصد مغل شہنشاہ کے دور کی جھلک دکھاتے ہوئے تاریخ سے عوام کو واقف کرانا ہے۔ 1614 میں پیدا ہونے والی جہاں آراء بیگم شاہجہاں اور ممتاز محل کی بڑی دختر تھی جن کا مقبرہ جنوبی دہلی کے نظام الدین علاقہ میں واقع ہے۔ روشن آراء بیگم ایک ممتاز شاعرہ تھیں۔