لاطینی امریکہ، کریبی علاقے میں کاروبار کو فروغ دینے کی مساعی

سریش پربھو نے علاقے کا دورہ کیا، اگلے پانچ سال باہمی تجارت و سرمایہ کاری کو دوگنا کرنے کا عزم
نئی دہلی،یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام)حکومت نے اگلے پانچ برسوں میں لاطینی امریکہ اور کریبی جزائر کے ملکوں کے ساتھ باہمی کاروبار اور سرمایہ کاری کو دوگنا کرنے کے لئے قدم بڑھائے ہیں۔ تجارت اور صنعت کی مرکزی وزارت نے آج یہاں بتایا کہ وزیر برائے تجارت سریش پربھو 28اکتوبر سے 31اکتوبر تک لیٹن امریکہ اور کیریبین جزائر کے ملکوں کا کاروباری سطح پر دورہ کیا اور مختلف تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ پربھو نے اس دورے کے دوران اگلے پانچ سال میں باہمی کاروبار اور سرمایہ کاری کو دوگنا کرنے کے لئے امکانات پر علاقے کے کئی وزرا،صنعت کاروں اور غیر مقیم ہندوستانیوں کے طبقے کے لوگوں سے بات چیت کی۔حکومت نے اسٹریٹجک طورپر لیٹن امریکہ اور کیریبین جزائر ،ہندوستانی مصنوعات کے لئے نئے بازار اور سرمایہ کاری کے لئے نئے مواقع تلاش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔لیٹن امریکہ اور کیریبین جزائر کے ملکوں کے ساتھ ہندوستان کا کاروبار 17کروڑ 55لاکھ ڈالڑ کا ہے اور ہندوستانی غیر ملکی کاروبار میں علاقے کی حصہ داری محض 7.16فیصد ہے ۔ مرکزی وزیر نے کیوبا کے سفر کے دوران پہلے نائب صدر مگوئل ڈیاز کینل بیرموڈیز ماریو،نائب صدر اور اقتصادی امور کے وزیر ریکارڈو کابریساس روئیز،غیر ملکی کاروبار اور سرمایہ کاری کے وزیر روڈریگو مالمیرکا ڈیاز ،توانائی اور کانکنی کے وزیر الفرینڈو لوپیز والڈیس اور وزیر برائے صنعت سالواڈور پاردو کروز کے ساتھ میٹنگ کی۔انہوں نے کیوبین چیمبر آف کامرس کے صدر کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔