طلبہ کی حوصلہ افزائی کو جاری رکھنے کا عزم ، جناب درویش غیاث الدین
حیدرآباد ۔ 19 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : گذشتہ 28 برسوں سے ہر سال پابندی کے ساتھ اسکولی لڑکے لڑکیوں کے لیے لاسا لمسا کوئیز مقابلے منعقد ہوتے آرہے ہیں ۔ اس کا مقصد طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا اور معلومات میں اضافہ کرتے ہوئے ان کو مستقبل کے امتحانات کے لیے تیار کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار درویش غیاث الدین مینجنگ پارٹنر نیلگری ٹی ایمپوریم ( لاسا لمسا چائے ) نے یہاں ہوٹل تاج محل کانفرنس ہال عابڈس پر کیا ۔ ڈاکٹر ہدایت اللہ مہمان خصوصی تھے جن کے ہاتھوں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ حیدرآباد / سکندرآباد کے تمام اہم اسکولس کو اس میں شرکت کا موقع دیا جاتا ہے اور ہر شریک طالب علم کو سرٹیفیکٹ اور انعامات دئیے جاتے ہیں ۔ سال حال تلگو یونیورسٹی کے آڈیٹوریم باغ عامہ میں 300 اسکولس کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا جن میں 12 ٹیموں کا فائنل کے لیے انتخاب کرتے ہوئے مقابلہ رکھا گیا ۔ کوئیز ماسٹر کے فرائض پروفیسر نریندر ناتھ اور مسٹر امیر حسن نے انجام دئیے ۔ مسٹر کلدیپ تھپر نے کوئیز کے انعقاد کے مقاصد بتاتے ہوئے اس کے 28 سالہ سفر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ لاسا لمسا چائے کا درویش پریوار اپنی تجارت کے ساتھ سماجی و فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے چنانچہ ان کی کاوشوں کے لیے یہ کوئیز اس سلسلہ کی کڑی ہے ۔ مسٹر اگروال نے کوئیز کے انعقاد پر آرگنائزر اور انتخاب کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس قسم کے پروگرام کی ستائش کی ۔ لڑکیوں میں فاتح ٹیم بھارتیہ ودیا بھون جوبلی ہلز ہے جب کہ بوسٹن مشن اسکول کی ٹیم جو صبا بانو اور آفریں پر مشتمل تھی رنراپ رہی اور خصوصی انعامات حاصل کئے ۔ لڑکوں میں آل سینٹ اسکول فاتح رہا جب کہ دوسرا مقام مدینہ پبلک اسکول حمایت نگر کا رہا ۔ دیگر اسکولس میں حیدرآباد مشن اسکول ، فوکس اسکول ، لٹل فلاور اسکول ، اسپرنگ ڈیل شامل ہیں ۔ کنوینر کوئیز ایم اے حمید جواس کوئیز کے انعقاد کے لیے ابتداء سے سرگرم رہے کامیاب انعقاد میں بھر پور تعاون پیش کیا ۔ محمد معید اور ہیمالتا نے اسکو رنگ کی ۔ اس موقع پر مختلف اسکولس کے ذمہ داران شاکر احمد ، محمد علی رفعت ، خلیل الرحمن ، بدر بن عبداللہ ، ڈاکٹر تقی الدین ، محمد فردوس ، احمد بشیر الدین فاروقی موجود تھے ۔ لاسا لمسا چائے کے درویش فیملی کے ارکان جناب انیس احمد ، نثار احمد شکیل ، درویش شاہد ، خالد ، حامد ، ماجد ، اکرام ، مسز شبانہ شخصی طور پر موجود تھے ۔ اس کوئیز میں حصہ لینے والے تمام طلبہ کو انعامات ، تحائف دئیے گئے ۔ آخر میں درویش شاہد نے شکریہ ادا کیا ۔۔