’لازمی آدھار‘ قومی سلامتی کیلئے خطرہ سبرامنیم سوامی کا دعویٰ

نئی دہلی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی ایم پی سبرامنیم سوامی نے آج آدھار کو لازمی بنانے کے اقدام کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی کہ ایسا کرنا قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہوجائے گا اور اسے سپریم کورٹ کی جانب سے کالعدم کردیا جائے گا۔ سوامی نے ایک ٹوئیٹ میں یہ بات کہی، جسے وہ اس مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی کو تحریراً واقف کرانے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں عنقریب پی ایم کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے تفصیل بتاؤنگا کہ کس طرح لازمی آدھار قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ ’’مجھے یقین ہے سپریم کورٹ اسے (یہ اقدام) کالعدم کردے گی‘‘۔ اس مسئلہ پر متعدد عرضیوں کی سپریم کورٹ میں نومبر کے آخری ہفتہ سے سماعت مقرر ہے۔