لاری کی ٹکر سے زخمی نوجوان کو 20 لاکھ روپئے معاوضہ

نئی دہلی ۔ 11 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک تیز رفتار لاری کی ٹکر سے شدید زخمی ایک 30 سالہ نوجوان کو موٹر ایکسیڈنٹ کلیمس ٹریبونل نے 21 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ حادثہ میں ملوث ٹرک کا انشورنس کرنے والی ایفکو ٹوکیو جنرل انشورنس کمپنی کو ٹریبونل نے ہدایت دی ہے کہ متاثرہ نوجوان عمران خاں ساکن شمالی دہلی کو 20,87,925 روپئے ادا کرے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹرک ڈرائیور اور مالک یہ ثابت کرنے میں ناکام ہوگئے کہ عمران کے لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا تھا جو کہ موٹر سیکل چلا رہا تھا ۔ جب کہ لاری ڈرائیور کو لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے کا قصور وار پایا گیا ۔ ٹریبونل کے پریسائیڈنگ آفیسر کمار شاستری نے بتایا کہ استغاثہ نے واضح کردیا ہے کہ ٹرک ڈرائیور نے موٹر سیکل کو عقب سے ٹکر دی تھی ۔ جس کے باعث اس کی لاپرواہی ثابت ہوتی ہے ۔ عمران نے اپنی درخواست میں بتایا کہ 9 اپریل 2010 کو اس وقت یہ حادثہ پیش آیا جب وہ اپنے دوست کے ساتھ موٹر سیکل پر بلبھ گڑھ سے دہلی واپس آرہے تھے۔