نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزارت دفاع نے آج اسکامس سے داغدار ٹنڈر کو جس کی مالیت 6 ہزار کروڑ روپئے تھی اور جو 197 لائٹ یوٹیلیٹی ہیلی کاپٹرس زمینی فوج اور ہندوستانی فضائیہ کیلئے خریداری کے سلسلہ میں تھا، منسوخ کردیا۔ ان ہیلی کاپٹرس کو چیتک ہیلی کاپٹرس کے جانشین سمجھا جارہا تھا اور یہ انتہائی بلندی پر جیسے سیاچن گلیشیر پر بھی پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ محکمہ دفاع کی خریداری کونسل کا ایک اجلاس وزیردفاع ارون جیٹلی کی زیرصدارت منعقد کیا گیا۔ حکومت نے 17,500 کروڑ روپئے مالیتی اسکیموں کو بھی منظوری دی۔ این ڈی اے حکومت کے منصوبہ کے مطابق دیسی صنعتوں کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ توقع ہیکہ حکومت کے اس فیصلہ سے 4 لاکھ کروڑ روپئے مالیتی کاروباری مواقع پیدا ہوں گے۔ شعبہ صنعت شعبہ دفاع کیلئے اتنی مالیت کے ہتھیار اور آلات سربراہ کرسکے گا۔ یہ گذشتہ7 سال میں پہلی مرتبہ ہے جبکہ کسی سیاسی لیڈر نے یوروپی یورو کاپٹر اور روسی کاموف ہیلی کاپٹرس کا سودا منسوخ کیا تھا۔