’’لائن ‘‘ فلم آسکر کے علاوہ دیگر ایوارڈس کی بھی مستحق : سلمان رشدی

نیویارک۔ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ’’متنازعہ مصنف‘‘ سلمان رشدی نے ایک معروف ڈرامہ کو ’’لائن‘‘ نامی فلم بنانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور یہ توقع ظاہر کی کہ آسکر ایوارڈ کے جن جن زمروں کے لئے فلم کو نامزد کیا گیا ہے، وہ ان زمروں میں کامیابی حاصل کرے بلکہ فلم کے ذریعہ انسانیت کا جو پیغام دیا گیا ہے، اس کے لئے فلم کو مزید کچھ ایوارڈ بھی ملنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی وی ڈی پر جب انہوں نے فلم دیکھی تو وہ اپنے آنسوؤں کو نہیں روک پائے۔ فلم کو گارتھ ڈیوس نے ڈائریکٹ کیا ہے جو ایک نوجوان لڑکے کی سچی کہانی پر مبنی ہے جو اپنے خاندان سے بچھڑ جاتا ہے اور بعدازاں ایک آسٹریلیائی جوڑا لڑکے کو گود لیتا ہے لیکن نوجوان لڑکے کے ذہن کو ہمیشہ پرانی یادیں پریشان کرتی رہتی ہیں اور وہ ہمیشہ اپنے پیدائشی مقام ہندوستان میں اپنے خاندان کی یادوں میں رہتا ہے اور بالآخر اپنے خاندان کو دریافت کرنے ہندوستان جاتا ہے۔