مونوروویا ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) لائبیریا افریقہ کا پہلا ایسا ملک بننے جا رہا ہے جس کو درخت نہ کاٹنے کے بدلے میں ترقیاتی امداد ملے گی۔ اس غریب مغربی افریقی ملک کو سنہ 2020 تک اپنے جنگلات کی کٹائی روکنے پر ناروے 15 کروڑ ڈالر ادا کرے گا۔ ایبولا کی وبا سے متاثرہ اس ملک کے بارے میں خدشات تھے کہ پیسے کی سخت ضرورت نے وہاں لوگوں کو مزید درخت کاٹنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ناروے کے حکام نے نیو یارک میں اقوام متحدہ میں ہونے والے ماحولیات کے بارے میں اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین معاہدے کی تفصیلات کی تصدیق کی۔ لائبیریا کے جنگلات دیگر افریقی ممالک کے جنگلات سے چھوٹے ہیں لیکن مغربی افریقہ کے برساتی جنگلات کا ایک بڑا حصہ یعنی تقریبا 43 فیصد لائبیریا میں پایا جاتا ہے۔