حیدرآباد 15 مارچ (سیاست نیوز) چیرمین جے اے سی پروفیسر کودنڈا رام نے کہاکہ لائبریریاں ذہین طلباء میں موجود پوشیدہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے مسابقتی دوڑ میں آگے آنے کا حوصلہ بلند کرنے کے علاوہ سماج میں تبدیلی لانے میں انتہائی معاون و مددگار ثابت ہوا کرتی ہیں۔ پروفیسر کودنڈا رام آج تلنگانہ لائبریری اسوسی ایشن اور سٹی گراندھالیہ سمستھا حیدرآباد کے زیراہتمام سٹی سنٹرل لائبریری میں کے جی تا پی جی فری ایجوکیشن فار آل پر منعقدہ سمینار سے بحیثیت مہمان اعزازی مخاطب تھے۔ اُنھوں نے لائبریری کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ لائبریری میں موجود نایاب و نادر کتابوں کا مطالعہ کرنے سے نہ صرف طلباء اپنی قابلیت اور صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے ملک و قوم کے معمار بن سکتے ہیں بلکہ لائبریری کے مطالعہ سے سماج میں پائی جانے والی عام بُرائیوں کے خاتمہ اور سماج سدھار سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے کا اہم ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ لائبریریوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ملازمت کے حصول میں اپنے آپ کو پُراعتماد بناتے ہوئے مسابقتی امتحانات میں شرکت کریں۔ اُنھوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ صرف گروپ I یا II امتحانات میں شرکت پر تکیہ کرنے کے بجائے بینکنگ کے امتحانات میں بھی حصہ لیں۔ اُنھوں نے کہاکہ یقینا تلنگانہ میں موجود تمام لائبریریوں کی ترقی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اُنھوں نے لائبریری اسوسی ایشن کی جانب سے ریاست تلنگانہ میں واقع لائبریریوں کی ترقی سے متعلق شروع کی گئی تحریک کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے لائبریری اسوسی ایشن قائدین کو تیقن دیا کہ ریاست تلنگانہ میں لائبریریوں کو درکار اہم بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ لائبریریوں میں موجود مخلوعہ جائیدادوں اور تقرر طلب جائیدادوں پر تقررات کرنے سے متعلق حکومت تلنگانہ سے بہت جلد نمائندگی کی جائے گی جبکہ ہر اسکول اور ہر کالج سطح پر ایک لائبریری اور کوچنگ سنٹرس کے قیام کیلئے بھی حکومت کو تجویز پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر ریٹائرڈ پروفیسر یونیورسٹی آف حیدرآباد پروفیسر ہرا گوپال نے بتایا کہ حصول تلنگانہ میں لائبریری کا اہم رول رہا ہے اور لائبریری کے مطالعہ سے کئی اہم معلومات کا ذخیرہ حاصل ہوتا ہے۔ کسی بھی ذہین طالب علم کی زندگی کو سنوارنے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں لائبریری میں موجود کتابوں کا مطالعہ انتہائی مفید اور کارآمد ثابت ہوگا۔ طلباء پر زور دیا کہ وہ مسابقتی امتحانات کی تیاری میں لائبریری سے استفادہ کریں۔ اُنھوں نے لائبریریوں میں نایاب کتابوں کی عدم موجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو لائبریریوں کی ترقی پر توجہ دینے پر زور دیا۔ ایم ایل سی کے جناردھن ریڈی کے علاوہ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ لائبریری اسوسی ایشن ڈاکٹر روی کمار چیگون، سکریٹری سی جی ایس اے وی این راجو نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ہرا گوپال اور پروفیسر کودنڈا رام نے لائبریریوں کی ترقی اور معلومات پر مبنی کتاب کا رسم اجراء انجام دیا۔