قیدی امریکی فوجی سے بہتر سلوک طالبان کا ادعا

کابل ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے آج کہا کہ امریکی سارجنٹ وبرگڈاہی کے ساتھ پانچ سالہ قید کے دوران بہتر سلوک کیا گیا جبکہ وہ افغانستان میں تھا۔ اسے فٹبال کھیلنے کی اجازت تک دی گئی ۔ وہ دیگر قیدیوں کے ساتھ فٹبال کھیل سکتا تھا۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا نمائندوں کو ٹیلیفون پر بتایا کہ امریکی فوجی کو اچھے حالات میں رکھا گیا تھا ،اسے تازہ پھل اور دیگر غذائیں اس کی خواہش کے مطابق دی جاتی تھیں۔ آپ امریکہ میں اس سے قید کی زندگی کے بارے میں دریافت کرسکتے ہیں۔ وہ کوئی شکایت نہیں کرے گا۔ گزشتہ ہفتے امریکی فوجی کو سینئر طالبان کے تبادلہ میں رہا کیا گیا ، جو امریکہ کی قید میں تھے۔

جیو ٹی وی کی نشریات 15 دن معطل
اسلام آباد۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) ’جیو نیوز‘ خبر رساں ٹی وی چینل کی نشریات 15 دن کیلئے معطل کردی گئی ہیں اور اس پر ایک کروڑ روپئے جرمانہ عائد کیا گیا کیونکہ چینل نے پاکستانی فوج اور طاقتور آئی ایس آئی کو بدنام کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس فیصلہ کا اعلان پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھاریٹی کی جانب سے کیا گیا۔ اتھاریٹی کے اجلاس میں جس کی صدارت پرویز راٹھوڑ نے کی ، یہ فیصلہ کیاگیا ۔