حیدرآباد۔/9جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے قومی سکریٹری جنرل ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام میں طلباء و نوجوانوں کی قربانیوں کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی قربانیاں تلنگانہ عوام کیلئے مشعل راہ ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیشو راؤ نے امید ظاہر کی کہ عام انتخابات سے قبل تلنگانہ ریاست حقیقت میں تبدیل ہوجائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ ریاست کی تعمیر نو میں اپنا حصہ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اسمبلی میں مباحث کی تکمیل کے بعد توقع ہے کہ پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں مرکزی حکومت تلنگانہ بل پیش کردے گی۔ چونکہ تمام اہم سیاسی جماعتیں تلنگانہ کے حق میں ہیں لہذا تلنگانہ بل کی منظوری میں کسی رکاوٹ کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے ریاست کی تقسیم کو روکنے کیلئے چیف منسٹر کرن کمار ریڈی پر مختلف سازشیں کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو چیف منسٹر اور مخالف تلنگانہ قائدین کی سازشوں سے چوکس رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کو یہ جاننا چاہیئے کہ دستور کی دفعہ 3میں تین مرتبہ ترمیم کی جاچکی ہے۔ اس دفعہ کے تحت مرکزی حکومت کو کسی بھی ریاست کی تقسیم کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دن تلنگانہ عوام کیلئے خوشحالی کا باعث ہوں گے کیونکہ نئی ریاست میں تلنگانہ عوام ہر شعبہ میں بہتر طور پر ترقی کرپائیں گے۔ ملازمت، پانی، امن و ضبط اور ترقی جیسے اہم اُمور پر ٹی آر ایس کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور مرکزی حکومت کی جانب سے عائد کردہ کسی بھی شرط کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ڈاکٹر کیشو راؤ نے الزام عائد کیا کہ سیما آندھرا کے سرمایہ دار حیدرآباد میں اپنے اثاثہ جات کے تحفظ کے بارے میں فکر مند ہیں۔ کیشو راؤ نے تلنگانہ کے حصول کیلئے پارٹی سربراہ چندر شیکھر راؤ کی مسلسل جدوجہد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 13برسوں سے انتہائی جمہوری انداز میں کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ تحریک کو آگے بڑھایا ہے۔