قیام امن کیلئے ہماری مسلسل قربانی : نواز شریف

برلن ۔ 12 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اعلان کیا ہے کہ جرمنی پاکستان اور یورپی یونین کے مابین آزادانہ تجارت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور امن کی خاطر کی جانے والی کوششوں میں پاکستان کا بھرپور حامی جبکہ افغانستان میں کشیدہ صورتحال کے خاتمے اور ہند۔ پاک دوستانہ تعلقات کا بھی خواہاں ہے۔ جرمنی پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے گا اور اس ضمن میں ایک خصوصی فورم قائم کیا جائے گا۔ میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے بھی جرمن چانسلر کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔ وزیر اعظم نواز شریف اور جرمن چانسلر میرکل کے درمیان ملاقات کے بعد خصوصی مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران جرمن چانسلر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ دوستانہ تعلقات رہے ہیں اور ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں اور اس ضمن میں وزیر اعظم نواز شریف سے مفید بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی معاملات پر پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں تاکہ ہمارے باہمی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو سکیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے قریبی دوستانہ تعلقات ہیں اور ہماری خارجہ پالیسی میں جرمنی کو خصوصی حیثیت حاصل ہے، جرمنی پاکستان کا چوتھا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور آج بھی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت کئی دیگر عالمی امور پر بات چیت ہوئی ہے جس سے جرمنی اور پاکستان کے سماجی شعبے کو سمجھنے کا موقع ملا۔