قیادت کی پالیسی ’’نوٹ لو ووٹ دو‘‘ کا خاتمہ ہوگا

لکشمی نگر اور ہاشم آباد میں انتخابی جلسوں سے ڈاکٹر قائم خان کا خطاب

حیدرآباد 24 اپریل (پریس نوٹ) حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے منتخبہ نااہل رکن اسمبلی کی گزشتہ 15 سالوں سے یہ پالیسی رہی کہ ’’نوٹ لو ووٹ دو‘‘ جو اس مرتبہ نہیں چلے گی۔ عوام انھیں مجوزہ انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔ ان کا منشاء و مقصد کسی طرح بھی اقتدار حاصل کرنا ہے۔ اس کے برخلاف مجلس بچاؤ تحریک نے کبھی بھی اقتدار کی پرواہ نہیں کی۔ تحریک کا مقصد پرانے شہر کے مسلمانوں کو ان کے حقوق کا تحفظ کرنا اور ظالموں کے ظلم سے نجات دلانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر قائم خان نے کل شام حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے علاقہ لکشمی نگر نزد شیوالیم اور ہاشم آباد نزد مسجد قادریہ میں پرہجوم انتخابی جلسوں کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ امیدوار صدر مجلس بچاؤ تحریک نے کہاکہ ’’لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں نے سزا پائی‘‘ کے مصداق ووٹ دینے میں ذرا سی غلطی کریں گے تو آئندہ 5 سالوں تک پچھتانا پڑے گا۔ ڈاکٹر خان نے کہاکہ ڈھنڈورا ٹی وی چیانل اور اخبار کے ذریعہ جھوٹ پر مبنی جذباتی تقاریر کرتے ہوئے معصوم مسلمانوں کو مسلسل گمراہ کیا جارہا ہے۔ مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر قائم خان نے کہاکہ مخالفین تحریک کے پاس دولت، طاقت اور اقتدار ہے۔ ہمارے پاس حق کیلئے مر مٹنے کا جذبہ ہے۔ اُنھوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ پرانے شہر میں جو 20 سال پہلے ٹھیلہ بنڈی ڈھکیلتا تھا وہ آج بھی اپنی اولاد کے ساتھ ٹھیلہ بنڈی ہی ڈھکیلتا ہے، جو آٹو چلاتا تھا آج بھی وہ آٹو ہی چلارہا ہے۔ ان میں نہ تبدیلی آئی ہے اور نہ ترقی کی ہے۔ پرانے شہر کے مسلمانوں کے پاس کیا ہے نہ روزگار ہے اور نہ ان کی معیشت میں کوئی سدھار آیا ہے۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہاکہ ان کی لفاظی اور جھوٹی تقاریر سے عوام واقف ہوچکے ہیں اور وہ فیصلہ کرچکے ہیں کہ اس بار تبدیلی لاتے ہوئے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار کو ایک موقع دیں گے اور بھاری اکثریت سے ٹی وی کے امتیازی نشان پر بٹن دباکر کامیاب کریں گے۔ ڈاکٹر قائم خان شہر کے علماء و مشائخین عظام کو بھی دعوت فکر دی ہے اور کہاکہ وہ اپنے ضمیر کی آواز پر مجلس بچاؤ تحریک کی تائید و حمایت کریں۔ ڈاکٹر قائم خان نے تحریک کے نوجوانوں کو مکروہ ٹولہ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں پر انتباہ دیا کہ وہ اپنی اوچھی حرکتوں سے باز آجائیں ورنہ عوام انھیں جوتے اور چپلوں کے ہار پہنائیں گے۔ ڈاکٹر قائم خان نے کہاکہ مخالفین کا جواب ہم بھی دے سکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مجلس بچاؤ تحریک کی مقبولیت سے مخالفین خوفزدہ ہیں اور وہ بوکھلاہٹ میں اپنی زبان پر قابو نہیں رکھ پارہے ہیں۔ ان جلسوں کو جناب ایم اے باسط، مولانا سید طارق قادری ایڈوکیٹ، مولانا حامد حسین شطاری، محمد اعظم، محمد نذیر اور دیگر تحریک کے قائدین نے مخاب کیا۔ سکندر مرزا نے جلسہ کی کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر قائم خاں نے آج صبح 10 بجے درگاہ حضرت برہنہ شاہؒ پر حاضری دی اور اپنی انتخابی ریالی کا آغاز کیا۔ یہ ریالی حلقہ کے مختلف علاقوں ریاست نگر، معین باغ، فتح شاہ نگر، عیدی بازار، شان باغ فنکشن ہال، عیدی بازار زہرا بی درگاہ، اکبر نگر، کمہارواڑی کالونی کے اطراف و اکناف کے محلہ جات سے گزرتی ہوئی دفتر مجلس بچاؤ تحریک پہونچی۔ مختلف مقامات پر ڈاکٹر قائم خان نے کارٹنر میٹنگس کو مخاطب کیا ۔ ڈاکٹر قائم خان نے کہاکہ عوام اس مرتبہ انقلاب برپا کریں گے اور دولت و اقتدار کے نشہ میں چور نااہل رکن اسمبلی کو شکست سے دوچار کریں گے۔ جگہ جگہ ڈاکٹر قائم خان کا استقبال کیا گیا اور مختلف مقامات پر استقبالیہ اسٹیج بنائے گئے تھے۔ امیدوار مجلس بچاؤ تحریک کی بکثرت گلپوشی کی گئی۔ ریالی میں 4 وہیلرس، 2 وہیلرس پر سوار عوام کی کثیر تعداد تھی۔ ڈاکٹر قائم خاں کھلی جیپ پر سوار عوام کے استقبال کا ہاتھ ہلاکر اور V کا نشان کا اشارہ کررہے تھے۔ ریالی کے انتظامات میں ایم اے حبیب، محمد نذیر، محمد اعظم، محمد سلیم، اشفاق حسین، محمد خالد، محمد لئیق، محمد انور اور دوسرے سرگرم کارکنان مجلس بچاؤ تحریک نے شرکت کی۔