ادارہ سیاست کے زیراہتمام اسکولی طلبہ کیلئے مقابلوں کا انعقاد، ہونہار طلبہ میں مضمون نویسی کا جوش و خروش
حیدرآباد 28 ستمبر (سیاست نیوز) قومی یکجہتی کے فروغ اور قومی آہنگی اور امن کے استحکام کیلئے حکومت ہند کے وزارت داخلہ کے تحت نیشنل فاؤنڈیشن فار کمیونل ہارمونی ادارہ قائم ہے۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اس کے اہم رکن ہیں۔ نئی نسل اور طلبہ برادری کو ملک کی ترقی و استحکام میں قومی یکجہتی کی اہمیت سے واقف کروانے کیلئے ادارہ سیاست نے تحریری مقابلے اور مضمون نویسی مقابلہ جات اسکولی طلبہ کیلئے منعقد کئے۔ اس میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے کئی اسکولس کے طلبہ نے دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں شرکت کرتے ہوئے مضامین تحریر کئے۔ پرائمری اسکول کیلئے عنوان ’’قومی یکجہتی اور ہندوستان‘‘ اور ہائی اسکول طلبہ کیلئے عنوان ’’قومی ہم آہنگی اور امن‘‘ دیا گیا تھا۔ مضامین اُردو، ہندی اور انگلش میں تحریر کئے گئے۔ کنوینر مقابلہ ایم اے حمید نے نگرانی کی اور بتایا کہ ہر شریک طالب علم کو انعام اور سرٹیفکٹ دیا جائے گا۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ایک خصوصی تقریب میں ایک لاکھ مالیت کے انعامات نیشنل فاؤنڈیشن فار کمیونل ہارمونی کے عطا کریں گے۔ اسکولی سطح پر تحریری مقابلہ سے نہ صرف طالب علم کی خوشخطی کا اندازہ ہوتا ہے بلکہ آج پراجکٹ کی تیاری کیلئے جو تخلیقی و تحقیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا جاتا ہے اس کا موقع میسر آیا ہے۔ آج کے مضمون نویسی مقابلہ میں مختلف اسکولس کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ محمد سعید پرنسپل ماسٹر مائنڈس اسکول نے طلباء کو اس کی اہمیت بتائی۔ سلمان سعدی اور فہد نے معاونت کی۔ آخر میں کے ایم حیدر غوث نے شکریہ ادا کیا۔ ایم اے حمید کنوینر نے بتایا کہ اس مقابلے کے نتائج کا ایک ہفتہ میں اعلان ہوگا اور تقسیم انعامات ایک خصوصی جلسہ میں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں عمل میں آئیں گے۔