قومی شاہراہ پر نعش کے ساتھ احتجاج

اعظم گڑھ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں اعظم گڑھ کے اترولیا علاقے کے باسگاو ں میں ایک دلت شخص کی نعش ملنے سے سنسنی پھیل گئی۔مشتعل گاؤ والوں نے نعش کو اعظم گڑھ۔فیض آباد قومی شاہراہ پر رکھ کر جام لگادیا جس سے افرا تفری مچ گئی۔پولیس ذرائع کے مطابق اترولیا علاقے کے ڈڈاو زمین دشاو کے باشندہ ہریمن (45) کے والد نے اپنی کچھ زمین ایک شخص کو فروخت کر دی تھی۔ بعد میں ہریمن کی زمین نیشنل ہائی وے میں چلی گئی۔ اس زمین کو رجسٹری کرانے والا شخص اپنی بتاتا تھا جبکہ ہریمن کا کہنا تھا کہ اس کے والد نے جو زمین بیچی تھی وہ دوسری ہے ۔اہل خانہ کے مطابق ہریمن نے اس سلسلے میں تحصیل میں شکایت کی تھی۔ہریمن کل تحصیل گیا اور وہاں سے واپس آنے کے بعد غائب ہو گیا۔ آج صبح اس کی نعش باسگاو ں میں قومی شاہراہ کے نزدیک سے برآمد ہوئی۔ اسے کلہاڑی سے حملہ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ گھر والوں نے نعش کی شناخت ہریمن کے طور پر کی۔ قتل کا سبب زمینی تنازعہ بتایا جا رہا ہے ۔قتل سے مشتعل گاؤں والوں نے نعش قومی شاہراہ پر رکھ کرراستہ روک دیا۔ تقریبا ڈیڑھ گھنٹے بعد حکام نے لوگوں کو سمجھابجھاکر کسی طرح راستہ بحال کیا۔ پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے ۔