قومی شاہراہوں کا کام ایک سال میں مکمل کرنے چندرا بابو نائیڈو کی ہدایت

حیدرآباد /6 فروری ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں 15 ہزار کیلومیٹر کے قومی شاہراہوں سے مربوط کاموں کو جلد سے جلد پورا کرلیں ۔ ان میں سنگل لائین ، ڈبل لائین اور چار لائین کی سڑکیں بھی شامل ہیں ۔ محکمہ عمارت و شوارع اور NHAI کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کی سڑکوں کو جنگی بنیادوں پر پورا کرلیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کو بچھانے کے کاموں میں مدھیہ پردیش کے طرزکام کو اختیار کرنا ہوگا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداروں پر زور دیا کہ کرنول ، گنٹور قومی شاہراہ اور اننت پور ، تاڑپتری لنک روڈ کو بھی جلد سے جلد پورا کرلیا جائے ۔ عہدیداوں کو چاہئے کہ وہ سڑک حادثات والے علاقوں میں نشاندہی کرکے چوکسی انتظامات کرلینا چاہئے ۔