فرقہ وارانہ فسادات سے مسلمانوں پر منفی اثر ، تنظیم انصاف کے مجلس عاملہ سے سید عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔17مئی(سیاست نیوز) سینئرکمیونسٹ قائد وسابقہ رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ نے قومی سطح پر اقلیتی طبقا ت میںبڑھتے احساس کمتری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کی آزادی کے بعد سے لیکر نریندر مودی حکومت کے اقتدار میں آنے تک پیش آئے فرقہ وارانہ فسادات کا راست اثر اس ملک کی مسلم اقلیت پر پڑا ہے۔آج یہا ںتنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کے دفتر میںمنعقدہ تنظیم انصاف کی عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب سیدعزیزپاشاہ نے لاکھوں کی تعداد میں جانی ومالی نقصان کا سامنا کرنے کے باوجود اس ملک کے سکیولر نظام پر مسلم اقلیت کو مکمل اعتماد ہے مگر نریندر مود ی حکومت کے اقتدار میں انے کے بعد مسلم اقلیت کے اندر بڑی حد تک احساس کمتری پید ا ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی 125فلاحی اسکیمات کے اندر موثر اور کارآمد فلاحی اسکیمات سے مسلم اقلیت کو دور رکھنے کا کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا جیسی اسکیم میںمسلم اقلیت کی حصہ داری ندارد ہے جبکہ جسٹس راجندر سنگھ سچر کمیٹی اور رنگناتھ مشرا کمیشن کی رپورٹ نے واضح کردیا ہے کہ اس ملک میںمسلمان دلت اور دیگر پچھڑے طبقات سے برے حال میںہے۔ انہوں نے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاپچھلے کئی سالوں سے مرکزی حکومت کی موثر اور کارآمد فلاحی اسکیمات میں مسلمانوں کی حصہ داری کو یقینی بنانے کے لئے پارلیمنٹ کے اندر او رباہر مسلسل نمائندگی کررہی ہے۔جناب سیدعزیز پاشا ہ نے مزید کہاکہ ایس سی طبقے میں ہندوئوں کے ساتھ عیسائی بھی ہیںمگر مذہب تبدیل کرنے والے ایس سی عیسائی کو فلاحی اسکیمات سے محروم کردیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں اس قسم کے فیصلوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے تلنگانہ حکومت کو بھی نریندری مودی کے اشاروں پر کام کرنے والی حکومت قراردیا او رکہاکہ کے سی آر نریندر مودی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ریاست تلنگانہ کو فرقہ پرستی کی آگ میںجھونکنے کاکام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کمیونسٹ او ربائیں بازوجماعتو ں کا جب تک تلنگانہ میں وجود باقی ہے تب تک کے سی آر کے ناپاک ارادو ںکو کامیابی نہیںملے گی۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے ریاست کی موقوفہ اراضیات کی حفاظت اور صیانت کے متعلق حکومت تلنگانہ کوغیرسنجیدہ قراردیا۔انہوں نے کہاکہ وقف کمشنریٹ کاقیام ‘ مرکز ی حکومت کے احکامات کے مطابق وقف ٹاسک فورس کی تشکیل تک ریاست تلنگانہ کی وقف اراضیات کی صیانت اوربازیابی ممکن نہیںہے۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے حکومت تلنگانہ پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے جذبات سے کھلواڑ کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ اعلانات اوروعدوں کے ذریعہ مسلم اقلیت کا دل لبھانے کی کوشش کرنے والی کے سی آر اپنے انتخابی وعدے کو پورا کرتے ہوئے مسلمانوں کو ریاست تلنگانہ کے تمام شعبہ حیات میںبارہ فیصد تحفظات فراہم کرنے کا اعلان کریں۔صدرتنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد سید کلیم الدین عسکر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں میر احمد علی صدر انصاف تلنگانہ‘ جنرل سکریٹری منیر پٹیل‘ خواجہ پاشاہ نائب صدر انصاف گریٹر حیدرآباد کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ جناب سیدعزیز پاشاہ نے ڈپٹی جنرل سکریٹری تنظیم انصاف گریٹر حیدرآباد کی حیثیت سے محمد فیروزکا بھی اس موقع پر انتخاب عمل میںلایا۔