ڈھاکہ ، 4اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے بنگلہ دیش کو یقین دلایا ہے کہ شہریت کے قومی رجسٹر میں مندرج نہ پائے جانے والوں کو ملک بدر نہیں کیا جائے گا۔ چھ سے زائد ملکوں کے مہمان صحافیوں سے آج یہاں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم شیخ حسینہ کے سیاسی مشیر حسین ٹی امام نے بتایا کہ یہ یقین دہانی کسی اور نے نہیں بلکہ ہندستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے از خود محترمہ شیخ حسینہ کو حالیہ ایک سے زائد موقعوں پر کرائی ہے ۔ مسٹرامام نے بہرحال یہ نہیں بتایا کہ مسٹر مودی نے ایسی یقین دہانیاں کب کہاں اور کس موقع پر کرائی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان اور بنگلہ دیش کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں اور انہیں مزید مضبوط بنایا جارہا ہے ۔