حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ مقررہ پروگرام کے مطابق صبح 10 بجے اجلاس کا آغاز ہونا تھا، تاہم اسپیکر مدھو سدن چاری کے پاس فلور لیڈرس کے اجلاس کے سبب آغاز میں تاخیر ہوئی۔ ہفتہ کے دن اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے گورنر کے خطاب کے موقع پر ایوان میں ہنگامہ آرائی اور قومی ترانہ کی توہین کے مسئلہ پر فلور لیڈرس کا اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ اس اجلاس میں تمام اپوزیشن قائدین کو ہنگامہ آرائی کے ویڈیو فوٹیج دکھائے گئے جس میں اپوزیشن ارکان کو قومی ترانہ کے دوران بھی نعرہ بازی کرتے دکھایا گیا۔ اس اجلاس میں متفقہ طور پر طئے کیا گیا کہ
قومی ترانہ کی توہین کے مرتکب ارکان کو ایوان میں معذرت خواہی کرنی چاہئے ورنہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ کانگریس پارٹی نے ہنگامہ آرائی کے مکمل ویڈیو کو پیش کرنے کی مانگ کی۔ پارٹی کے فلور لیڈر جانا ریڈی کا کہنا تھا کہ جو فوٹیج دکھایا گیا ہے ، وہ مکمل نہیں ہے۔ اسمبلی میں موجود 4 سی سی کیمروں میں سے صرف 2 کے ویڈیو فوٹیج دکھائے گئے۔ اجلاس کی طوالت کے سبب ایوان کی کارروائی کے آغاز میں ایک گھنٹہ تاخیر ہوئی اور 11 بجے دن اجلاس شروع ہوا۔