ممبئی /29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو قلب کے آپریشن کے بعد ’’بہتر‘‘ ہیں اور سٹی ہاسپٹل میں فزیو تھیراپی کروا رہے ہیں، جہاں سابق چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج ان سے ملاقات کی۔ ایشین ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کے ایک سینئر عہدہ دار کے بموجب لالو پرساد یادو کو منگل کے دن یہاں شریک کیا گیا تھا۔ 66 سالہ سیاسی قائد رو بہ صحت ہیں۔ آپریشن کے بعد فی الحال ان کی فزیو تھیراپی جاری ہے۔ لالو پرساد کی حالت مستحکم ہے۔ ان کے آپریشن کے نگرانکار تمام آلات علحدہ کردیئے گئے ہیں۔
ان کے اہم اعضاء حسب معمول ہیں۔ فزیو تھیراپی اور دیگر علاج جاری ہیں۔ ڈائرکٹر طبی امور و شدید نگہداشت کے ڈائرکٹر وجے ڈسلوا نے کہا کہ آپریشن کے دوران جو 6 گھنٹے جاری رہا، بہار کے سیاست داں کے اورطہ کے والو کو تبدیل کیا گیا۔ اورطہ کی مرمت کی گئی اور قلب کے ایک 3 ملی میٹر وسیع شگاف کی مرمت بھی کی گئی۔ دریں اثناء نتیش کمار نے اپنے دشمن سے دوست بننے والے لالو پرساد سے دوا خانہ میں ملاقات کی اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ آر جے ڈی اور جے ڈی یو قائدین اپنے تازہ اتحاد کے بعد دس اسمبلی نشستوں میں سے 6 پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد پہلی بار ملاقات کر رہے تھے۔ انتخابی نتائج کا 25 اگست کو اعلان کیا گیا ہے۔ نتیش کمار نے جو ایک روزہ دورہ ممبئی پر تھے، کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج مہاراشٹرا موہن پرکاش سے بھی ملاقات کی، جو اپنی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ جانے کے بعد ناناوتی استپال میں شریک ہیں۔