دوحہ ایرپورٹ بھی متاثر، امریکی سفارتخانہ بند کردیا گیا، 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ
دوحہ ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) قطر میں موسلادھار بارش کے بعد سیلاب جیسی صورتحال رونما ہوئی ہے۔ صحرائی ملک کی سڑکیں زیرآب آچکی ہیں۔ بارش کی وجہ سے تجارتی ادارے، اسکولس، امریکی سفارتخانہ بند کردیا گیا۔ رات بھر ہوئی شدید بارش کے بعد سڑکوں پر گھنٹے برابر پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔ سوشیل میڈیا پر دی جانے والی رپورٹس میں بتایا گیا کہ دوحہ کا حماد انٹرنیشنل ایرپورٹ بھی متاثر رہا ہے۔ قطر کے محکمہ موسمیات کے مطابق رات بھر ہوئی شدید بارش کے بعد یہاں پر 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ایرپورٹ کے اطراف پانی جمع ہوگیا ہے لیکن حماد انٹرنیشنل کا کہنا ہیکہ یہاں سے پروازیں جاری ہیں۔ خراب موسم کے باوجود طیاروں کی آمدورفت برقرار ہے۔ امریکی سفارتخانہ نے کہا کہ موسم کی وجہ سے آج اسے بند کردیا گیا اور ان کے دفاتر آئندہ ہفتہ تک نہیں کھلیں گے۔ خراب موسم کے باعث قطر میں امریکی سفارتخانہ کو بند کردیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے موٹر گاڑی رانوں سے کہا ہیکہ وہ بارش کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات کریں۔ 2022ء میں فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والے ملک قطر میں ان دنوں گرما کا درجہ حرارت پایا جاتا ہے اس لئے فٹبال ٹورنمنٹ کو نومبر اور ڈسمبر کے بجائے دیگر مہینوں میں کھیلا جائے گا۔ پڑوسی ملک سعودی عرب میں بھی آج دوسرے دن شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ ریاض کی سڑکوں پر سیلاب جیسی صورتحال دیکھی گئی۔ اسکولس آج دوسرے دن بھی بند کردیئے گئے تھے۔ تقریباً 10 موٹر کاریں دو میٹر پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ ریاض کی سڑکوں پر جمع پانی اور اس میں ڈوبی ہوئی کاریں دیکھی جاسکتی ہیں۔