قطر۔ترکی کے درمیان 16 روز میں ریکارڈ تجارت

انکارا ۔/24 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیرتجارت بلند توفیکجی نے کہا ہے کہ 16 روز کے دوران ہم نے قطر کو ساڑھے 32 ملین ڈالرز کی برآمدات ممکن بنائی ہیں ہمسایہ ممالک کی پابندیوں کے شکار خلیجی ملک قطر کیلیے اس مشکل گھڑی میں ترکی نے مدد جاری رکھی ہوئی ہے۔ وزیر تجارت بلند توفیکجی نے کہا ہے کہ 16 روز کے دوران ہم نے قطر کو ساڑھے 32 ملین ڈالرز کی برآمدات ممکن بنائی ہیں۔قطر کیلیے غذائی ضروریات سے لدے طیاروں کی تعداد بھی 100 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ایک بحری جہاز بھی ازمیر کی بندرگاہ سے روانہ ہو چکا ہے۔دریں اثناء ترک تاجر بھی دوہا میں حکام کے ساتھ مختلف تجارتی پہلووں پر بات چیت کر رہے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے مسلمانوں کو پیغامِ عید
واشنگٹن ۔ ۔/24 جون (سیاست ڈاٹ کام)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے ایک پیغام جاری کرتے ہوئے تمام تر مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے۔دفتر ِ خارجہ سے جاری کردہ اعلامیہ میں ٹیلرسن کے پیغام سے مندرجہ ذیل الفاظ کو جگہ دی گئی ہے۔ "میں امریکی وزارتِ خارجہ کے نام پر عید الفطر منانے والے تمام تر مسلمانوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ عید کئی لوگوں کے روزے رکھنے، عبادت کرنے اور خیراتی کام ادا کرنے والے ماہ رمضا ن کی ترجمانی کرتی ہے۔
یہ تہوار پْر امن اور خوشحال معاشروں کے قیام پر مبنی ہمارے مقصدسے مشترکہ وابستگی کا عکاس ہے، میں آپ سب کو عید کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”یاد رہے کہ ٹیلرسن نے امریکی دفتر خارجہ کی جانب سے کئی سالوں سے چلے آنے والی ریت کو توڑتے ہوئے امسال مسلمانوں کے لیے افطارپروگرام کا اہتمام نہیں کیا تھا اور اس کی جگہ صرف رمضان کے پیغام پر ہی اکتفا کیا تھا۔