قصبہ اننت ناگ میں کرفیو نافذ

سری نگر ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں معمولات زندگی جمعرات کو مسلسل 76 ویں روز بھی مفلوج رہے جہاں علیحدگی پسند قیادت نے اپنے تازہ احتجاجی کلینڈر میں جاری ہڑتال میں 29 ستمبر تک توسیع کا اعلان کیا ہے ۔وادی میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے ساتھ شروع ہوئی آزادی حامی احتجاجی لہر میں تاحال 86 عام شہری ہلاک جبکہ 12 ہزار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ وادی بھر میں احتجاجی مظاہروں، آزادی حامی ریلیوں اور جلسوں کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری ہے ۔تاہم پولیس نے پتھراؤ میں حصہ لینے والے افراد کی گرفتاری میں تیزی لائی ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے قصبہ اننت ناگ میں گذشتہ روز ہونے والے پرتشدد احتجاجی مظاہروں جن میں 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے ، اور علیحدگی پسندوں کی طرف سے دی گئی مارچ کی کال کے پیش نظر کرفیو نافذ کیا گیا ہے ۔