قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کے انتخاب میں اللہ تعالی کی مرضی شامل

حیدرآباد۔/28ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے عازمین کے آخری دو قافلے آج حیدرآباد سے جدہ کیلئے روانہ ہوئے۔ اس طرح ریاستی حج کمیٹی کے ذریعہ حج بیت اللہ کیلئے روانگی کا عمل مکمل ہوگیا اور 18 قافلوں کے ذریعہ جملہ6043 عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ عازمین حج کا 17واں قافلہ آج صبح 11:30بجے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ سے سعودی ایر لائنس کی خصوصی پرواز کے ذریعہ جدہ روانہ ہوا جبکہ 18اور آخری قافلہ کی فلائیٹ نے شام 4بجے اُڑان بھری۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین نے آج حج ہاوز نامپلی پہنچ کر آخری قافلہ کو وداع کیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، سابق وزیر اقلیتی بہبود و اور قانون ساز کونسل میں ڈپٹی لیڈر جناب محمد علی شبیر، سابق وزیر ڈی ناگیندر، ڈپٹی میئر راجکمار نے دیگر قائدین کے ساتھ پہنچ کر عازمین حج کو وداع کیا۔ پونالہ لکشمیا نے عازمین حج سے اردو میں خطاب کرتے ہوئے انہیں حج پر روانگی کیلئے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کے گھر کے مہمانوں کو مبارکباد دینے کیلئے یہاں آئے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ اس مقدس سرزمین پر ہندوستان بالخصوص ریاست تلنگانہ کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔ انہوں نے عازمین حج کے سفر کی آسانی اور خیریت سے واپسی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ جناب محمد علی شبیر نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا سارا وقت عبادتوں میں صرف کریں اور غیر ضروری لغویات سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی کے ذریعہ حج کیلئے انتخاب دراصل اللہ تعالیٰ کی جانب سے بلاوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے دوران کئی مواقع دعاؤں کی قبولیت کے ہیں لہذا عازمین کو ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اعمال ہی آخرت میں انسانیت کی نجات کا ذریعہ بن سکتے ہیں اور اللہ تعالیٰ ان دعاؤں کو شرف قبولیت بخشتا ہے جو عجز و انکساری کے ساتھ کی جائیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ایک واقعہ کا حوالہ دیا جس میں اللہ تعالیٰ نے اسوقت کے ظالم کی دعا کو نہ صرف قبول کیا بلکہ حضرت موسیٰ کو ان کی نماز جنازہ ادا کرنے کیلئے روانہ کیا۔ جناب محمد علی شبیر نے وقوف عرفات کے دوران عصر تا مغرب دعاؤں کی قبولیت کا وقت قرار دیا اور عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ اس موقع کو غنیمت جانیں اور زیادہ سے زیادہ دعاؤں میں مشغول رہیں۔ اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ اس وقت کو شیطان کسی طرح دوسری مشغولیات میں مصروف کرادیتا ہے۔ انہوں نے عازمین حج سے کہا کہ وہ ایام حج کے دوران موبائیل فون کا استعمال ترک کردیں خاص طور پر میدان عرفات، قیام منیٰ اور رمی جمار کے موقع پر فون کے استعمال سے نیکیوں سے محرومی کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ ایام حج کے دوران کم سے کم رباط کا استعمال کریں تاکہ ان کا وضو باقی رہے اور انہیں وقفہ وقفہ سے وضو کی حاجت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وضو کیلئے مسجد سے نکلنے کی صورت میں نہ صرف فرض نماز چھوٹ سکتی ہے بلکہ عبادتوں کا موقع نکل جائے گا۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ وضو کے ساتھ پاکیزگی کا خیال رکھیں اور فضول دنیاوی گفتگو سے گریز کریں اور اپنا سارا وقت اللہ سے لو لگانے صرف کریں۔سابق وزیر ڈی ناگیندر نے کہا کہ عازمین حج کو ساری انسانیت کی بھلائی اور دنیا میں امن و امان اورخوشحالی کیلئے دعا کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج خوش نصیب ہیں کہ ہزاروں درخواستوں میں سے ان کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ کانگریس قائدین نے حج کمیٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی ستائش کی۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے حج کمیٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ زائد کوٹہ کی منظوری کے باعث73 عازمین حج ممبئی سے روانہ ہوں گے۔ آخری دونوں قافلوں میں حیدرآباد اور تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے عازمین شامل تھے لہذا حج ہاوز میں انہیں وداع کرنے کیلئے بڑی تعداد میں رشتہ دار اور دوست احباب پہنچے تھے۔ تلبیہہ کی گونج میں عازمین حج کی بسیں ایر پورٹ کیلئے روانہ ہوئیں۔ قاری متین علی شاہ قادری نے فضائل و مناسک حج و عمرہ بیان کئے۔ ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی ایم اے حمید نے مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر کانگریس کے اقلیتی قائدین محمد سراج الدین، واجد حسین، ایس کے افضل الدین، ڈاکٹر انصاری، محمد جہانگیر ، ایم این بیگ کے علاوہ ٹی آر ایس کے قائدین حبیب زین العابدین عابد، شاہد پیراں اور دوسرے موجود تھے۔