حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی خودروزگار اسکیم کے تحت بینکوں سے قرضہ جات کی منظوری کے سلسلہ میں اقلیتی امیدواروں کی درخواستوں کو متعلقہ بینکوں سے رجوع کیا جارہا ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ کارپوریشن کو 20ہزار 215 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جو کہ مقررہ نشانہ سے کہیں زیادہ ہیں۔ اس کے علاوہ 106کروڑ روپئے کی سبسیڈی کیلئے درخواستیں داخل کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کو متعلقہ بینکس کو رجوع کیا جارہا ہے جو امیدواروں کے یونٹ کا جائزہ لینے کے بعد قرض کی منظوری کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریشن کی جانب سے بینکوں کو درخواستیں روانہ کرنے کا کام شروع ہوچکا ہے اور امیدواروں کو چاہیئے کہ وہ متعلقہ بینکوں سے رجوع ہوکر اپنی درخواستوں کی یکسوئی کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت حکومت نے جملہ 100کروڑ روپئے مختص کئے تھے
اور اب تک دو مرحلوں میں 32کروڑ روپئے بطور سبسیڈی جاری کئے جاچکے ہیں۔ یہ رقومات سابقہ اسکیم کے تحت جاری کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دو مرحلوں میں 12ہزار درخواستوں کو منظوری دی جاچکی ہے۔ اب نئی اسکیم کے تحت 14ہزار امیدواروں کو سبسیڈی فراہم کی جاسکتی ہے جبکہ 20ہزار سے زاید درخواستیں وصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کلکٹرس نے ابھی تک 7702 درخواستوں کو منظوری دی ہے جنہیں 35کروڑ 80لاکھ روپئے بطور سبسیڈی جاری کئے جائیں گے۔ عادل آباد میں 642، اننت پور 372، چتور 375، مشرقی گوداوری108، گنٹور 129، حیدرآباد440، کڑپہ 772، کریم نگر 580، کھمم 90، کرشنا 119، کرنول 1026، محبوب نگر 754، میدک 340، نیلور 95، نظام آباد 978، پرکاشم 398، سریکاکلم9، وشاکھاپٹنم 19، وجئے نگرم 32، ورنگل 306اور مغربی گوداوری میں 66 درخواستوں کی یکسوئی کی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک مقررہ نشانہ کے مطابق درخواستوں کی یکسوئی کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زاید درخواستوں کی صورت میں حکومت سے مزید فنڈز کے حصول کی کوشش کی جارہی ہے۔