قرب قیامت

حضرت شعبہ رحمۃ اللہ علیہ حضرت قتادہ رحمۃ اللہ علیہ سے اور وہ حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’میں اور قیامت، ان دو انگلیوں (یعنی شہادت کی انگلی اور بیچ کی انگلی) کی مانند بھیجے گئے ہیں‘‘۔ (متفق علیہ)

حضرت شعبہ رحمۃ اللہ علیہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت قتادہ رحمۃ اللہ علیہ سے سنا، انھوں نے (آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کو قیام قیامت کے ساتھ دو انگلیوں سے تشبیہ دینے کی مراد بیان کرتے ہوئے) اپنے وعظ میں کہا کہ جس طرح ان دونوں میں سے ایک انگلی دوسری انگلی سے بڑھی ہوئی ہے، یعنی مذکورہ مشابہت سے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی مراد یہ تھی کہ جس طرح بیچ کی انگلی شہادت کی انگلی سے کچھ بڑھی ہوئی ہے، اسی طرح میری بعثت کا زمانہ قیامت کے وقت سے کچھ ہی آگے ہے کہ میں قیامت سے پہلے آیا ہوں اور قیامت میرے پیچھے پیچھے چلی آرہی ہے۔

حضرت شعبہ کہتے ہیں کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ مراد حضرت قتادہ نے خود بیان کی یا انھوں نے اس کو حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے سنا تھا اور اگر یہ متعین بھی ہو جائے کہ حضرت قتادہ نے یہ مراد از خود بیان نہیں کی تھی، بلکہ اس کو حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے سنا تھا، تو پھر یہ احتمال رہے گا کہ یہ مراد از خود حضرت انس نے بیان کی تھی یا آنحضرتﷺ ہی نے اپنی یہ مراد بیان کی تھی اور اس کو حضرت انس نے آنحضرتﷺ سے نقل کیا تھا۔