قران

اور خوب جان لو کہ تمہارے مال اور تمہاری اولاد (سب) آزمائش ہے اور بیشک اﷲ اسی کے پاس اجر عظیم ہے۔ (سورۃ الانفال ۔ ۲۸)
مال اور اولاد سے بڑھ کر سخت آزمائش اور کونسی ہے ؟ محبت مال و اولاد انسان کو بزدل بھی بنادیتی ہے اور بخیل بھی ۔ حضورؐ کے پاس ایک بچہ لایا گیا ۔ حضورؐ نے اسے بوسہ دیا اور فرمایا یہ اولاد انسان کو بخیل بھی بنادیتی ہے اور بزدل بھی ۔ اور یہ اﷲ کے پھول ہیں( البغوی) اب جو اس طبعی محبت کے باوجود احکام الٰہی کی تعمیل میں کوتاہی نہیں کرتا یقینا وہ کامیاب ترین انسان ہے ۔ ایک دوسرے لحاظ سے بھی اولاد بڑی آزمائش ہے ۔ بچوں کی صحیح تربیت ، ان کو صحیح مسلمان اور کامل انسان بنانا ان کی لوح دل پر اقدارِ عالیہ کے نقوش ثبت کرنا والدین کیلئے ایک کٹھن آزمائش ہے ۔ اور یہی اﷲ تعالیٰ کی اس نعمت کا صحیح شکر ہے ۔ جو کم نظر اپنی اولاد کے لئے دولت ہی اکٹھی کرتے رہتے ہیں اور انھیں اسی لکشمی (دولت ) کی پرستش کا ڈھنگ سکھانا ہی اپنے حقوق پدری کی تکمیل جانتے ہیں۔ انھوں نے اس نعمت عظمیٰ پر اپنی منعمِ حقیقی کا ہرگز شکر ادا نہیں کیا اور نہ وہ اس آزمائش میں کامیاب ہوئے ۔