حیدرآباد ۔ یکم ۔ جولائی : ( پریس نوٹ ) : عالمی قرآنی روحانی مہم سلور جوبلی تقاریب کا جنوبی ہند میں جمعہ 3 جولائی سے آغاز اور جمعتہ الوداع 17 جولائی کو اختتام عمل میں آئے گا ۔ اس مقدس قرآنی مہم میں گذشتہ 24 سال کی طرح ماہ رمضان المبارک کے متبرک ایام میں عالم اسلام کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ الزہر شریف قاہرہ مصر کے دو جید ممتاز قراء کرام الشیخ محرم اور الشیخ معکاوی کے علاوہ پہلی مرتبہ سرزمین سوڈان کے نامور عالم دین حافظ و قاری الشیخ عبدالکریم جنہیں حکومت سوڈان نے خصوصی طور پر مامور کیا ہے ۔ اپنے مخصوص لحن میں آیات قرآنی کی تلاوت کی سعادت حاصل کریں گے ۔ اس بات کا اعلان مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری بانی ومحرک عالمی قرآنی و روحانی مہم نے آج یہاں اپنے ایک صحافتی بیان میں کیا ۔ اس اثنا وزارت خارجہ حکومت ہند نے قراء کے دورے ہند کے خیر مقدمی احکامات جاری کئے ۔ چنانچہ ہندوستانی سفیر مسٹر سنجے بھٹا چاریہ نے اپنے ای میل کے ذریعہ مصری قراء کو ویزا کی اجرائی سے مولانا پیر نقشبندی کو واقف کروایا ۔ قبل ازیں سہ پہر سوڈان کے سفیر متعینہ ہند ڈاکٹر حسن طالب نے مولانا پیر نقشبندی سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی دعوت پر سوڈان کے صدر مسٹر عمر بشیر نے خصوصی طور پر ہندوستان کے لیے سوڈانی قاری کو روانہ کررہے ہیں ۔۔