نئی دہلی۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج قدرتی گیاس قیمتوں میں 33 فیصد اضافہ کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اس سے مہاراشٹرا اور گجرات جیسی ریاستوں میں سی این جی کی شرحوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوگا۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی گیاس نے جمعہ کو اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام اندرون ملک قدرتی گیاس پیدا کرنے والی کمپنیوں کیلئے نئی قیمتوں پر رہنمایانہ خطوط بھی جاری کئے ہیں، جن کا یکم نومبر سے اطلاق عمل میں آئے گا۔ ان رہنمایانہ خطوط کے تحت گیاس کی قیمت گیاس پیدا کرنے والی تمام نامزد کمپنیوں پر عائد ہوگی۔ ان میں او این جی سی اور آئیل انڈیا بھی شامل ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اندرون ملک قدرتی گیاس کی قیمت یکم نومبر 2014ء سے 31 مارچ 2015ء کی مدت کیلئے قابل اطلاق ہوگی۔ اس قیمت میں اضافہ کے باعث مہاراشٹرا اور گجرات میں سی این جی کی شرحیں بھی بڑھیں گی۔ مہا نگر گیاس لمیٹیڈ جو سی این جی کا ریٹیل ادارہ ہے، ممبئی میں پکوان گیاس کی نکاسی کرتا ہے۔ اس نے فی کیلوگرام 4.50 کا اضافہ کیا ہے۔ اس نے گھریلو صارفین کے لئے دی جانے والی شرحوں میں بھی اضافہ کیا ہے۔ ادانی گیاس نے بھی سی این جی کے لئے فی کیلوگرام 3 روپئے کے اضافہ کا منصوبہ بنایا ہے تاہم اندرا پرستھا گیاس لمیٹیڈ نے جو سی این جی اور پی این جی کے ٹھوس چلر فروخت کنندہ ہے، دارالحکومت دہلی میں ان کی شرحوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔