مظفر نگر 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )پولیس ایک گینگسٹر وکی تیاگی کے قتل میں ماخوذ بی جے پی لیڈر کی تلاش میں ہے جس کیلئے ضلع کے مختلف مقامات پر دھاوے کئے جارہے ہیں۔ سٹی ایس پی کی زیر قیادت ایک پولیس ٹیم نے قتل کیس کے سلسلہ میں کل شام بی جے پی لیڈر انجن ویرسنگھ کی قیامگاہ کی تلاشی لی لیکن وہ ہاتھ نہیں لگے۔ مقتول کی والدہ پرتیبھا تیاگی نے کئی ایک افراد بشمول بی جے پی لیڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کروایا ہے۔ وکی تیاگی کو ایک نوجوان نے وکیل کے بھیس میں آکر 16 فبروری کے دن احاطہ عدالت میں گولی ماردی تھی۔ حملہ آوار کو فی الفور گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا جبکہ ایک اور ملزم کی پولیس تحویل میں پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ اس واقعہ میں کئی ایک افراد بشمول ایس پی انجو چودھری اسٹیشن ہاوز آفیسر تیستا وائی سچن اور کانسٹبل وکاس کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ۔ سال 2011 کے بار اکلی قتل کیس میں وکی تیاگی اصل ملزم ہے جس میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد ہلاک کردیئے گئے تھے۔ جیل کے احاطہ میں تیاگی کی حفاظت پر مامور 7 پولیس ملازمین بشمول ایک سب انسپکٹر کو معطل کردیا گیا ہے۔