قتل و خودکشی معاملہ : ہندوستانی شخص پر گرل فرینڈ کو قتل کرنے کا شبہ

سنگاپور۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک 30 سالہ ہندوستانی شخص جو اپنی انڈونیشیائی گرل فرینڈ کے ساتھ ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ پایا گیا تھا۔ اس کے بارے میں اب یہ کہا جارہا ہے کہ اس نے خودکشی سے قبل اپنی پارٹنر کا قتل کیا ہوگا۔ عدالت میں جو سماعت کی جارہی ہے، اس کے مطابق پلاٹ کچھ اس طرح رہا ہوگا کہ ہندوستانی شخص چنا سوامی بھاسکر جسے ودیاوتی نامی خاتون کا بوائے فرینڈ بتایا گیا ہے اور وہ بھی ایسا بوائے فرینڈ جو اس پر 24 گھنٹے اپنا حق جتانے میں پیش پیش رہا کرتا تھا۔ تحقیقاتی افسر علی دین حمید کے مطابق دونوں کا تعلق سنگاپور سے نہیں تھا تاہم سنگاپور میں ساتھ کام کرتے کرتے دونوں ایک دوسرے کو چاہنے لگے۔ ہوٹل 81 کے مینیجر کو جب ہوٹل کے ایک کمرے سے جاریہ سال فروری میں دونوں کی نعشیں ملیں تو اس وقت قتل کا معاملہ منظر عام پر آیا۔ ودیاوتی زمین پر پڑی ہوئی تھی جبکہ اس کی گردن پر ایک گہرا زخم تھا اور چنا سوامی ہوٹل کے بیت اخلاء میں رسی سے لٹکایا ہوا پایا گیا۔ دونوں گزشتہ دو سال سے ایک ساتھ تھے تاہم چنا سوامی کو شک ہوگیا تھا کہ ودیاوتی کے کسی اور مرد سے بھی تعلقات ہیں۔ اس نے ودیاوتی کو ڈرایا دھمکایا بھی تھا کہ اگر اس نے بے وفائی کی تو وہ اس کے (ودیاوتی) پورے خاندان کا قتل کردے گا۔ قتل اور خودکشی کی رات بھی دونوں میں بحث و تکرار ہوئی تھی کیونکہ ہوٹل کے کچھ ملازمین نے کمرے سے شوروغل کی آواز سنی تھی۔