ٹی آر ایس پارٹی انتخابات کی خواہاں ہو تو پوری طرح تیار ، کل جماعتی اجلاس میں رجت کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف الیکٹورل آفیسر ریاست تلنگانہ رجت کمار نے قبل از وقت انتخابات کے بارے میں انہیں کوئی اطلاع نہ ہونے کا دعویٰ کیا ہے تاہم ٹی آر ایس قبل از وقت انتخابات کرانا چاہتی ہے تو ہم اس کے لیے بھی پوری طرح تیار ہیں ۔ آج سکریٹریٹ میں چیف الیکٹورل آفیسر نے کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج اور اخراج کا جائزہ لیا ۔ مختلف سیاسی جماعتوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بجائے بیالٹ پیپر کے ذریعہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا جس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے رجت کمار نے کہا کہ اس کا قطعی فیصلہ سنٹرل الیکشن کمیشن کرے گا ۔ ریاست میں اسمبلی تحلیل اور قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیوں کے درمیان چیف الیکٹورل آفیسر نے فہرست رائے دہندگان کا جائزہ لینے کے لیے کل جماعتی اجلاس طلب کیا تب مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کے بارے میں سوال کیا گیا تو چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے کہا کہ وہ اس سے لا علم ہیں اس کی انہیں کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ فہرست رائے دہندگان کے مسودے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے وہ کل جماعتی اجلاس طلب کرچکے ہیں ۔ اگر ٹی آر ایس حکومت قبل از وقت انتخابات کرانا چاہتی ہے تو اس کے لیے اسٹیٹ الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیالٹ مشین اور وی وی پاٹ مشین نومبر تک تیار رہیں گے ۔ رجت کمار نے کہا کہ اگر قبل از وقت انتخابات بھی منعقد ہوتے ہیں تو وہ جنوری 2018 کی فہرست رائے دہندگان کے مطابق ہوں گے ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے 10 یوم قبل تک ووٹر لسٹ میں نئے ناموں کا اندراج کرانے کی سہولت ہوگی ۔ یکم جنوری 2019 تک 18 سال عمر مکمل کرنے والے نوجوان حق رائے دہی سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے لیے درکار عملہ کی ابھی سے خدمات فراہم کی جارہی ہے ۔ رجت کمار نے بتایا کہ 31 اکٹوبر تک اعتراضات قبول کئے جائیں گے ۔ 2014 انتخابی مسودے کے تحت ریاست ووٹرس کی تعداد 2.81 کروڑ ہے تاہم فہرست میں تاحال 2.61 کروڑ ووٹرس شامل ہیں ۔ آدھار کی بنیاد پر فرضی ووٹرس کو فہرست سے خارج کردیا گیا ہے ۔ جس کی وجہ سے ووٹرس کی تعداد گھٹی ہے ۔ اجلاس میں شریک ہونے والے کانگریس کے سینئیر قائد ایم ششی دھر ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کرانے کی بڑے پیمانے پر تشہیر جاری ہے ۔ کانگریس بھی اس کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ فرضی ووٹوں کو فہرست سے خارج کرنے کی الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی گئی ہے ۔ ضلع عادل آباد میں سوائے ٹی آر ایس حامیوں کے ماباقی رائے دہندوں کو فہرست سے خارج کردیا گیا ہے ۔ بی جے پی کے ترجمان وینکٹ ریڈی تلگو دیشم کے ترجمان آر چندر شیکھر ٹی آر ایس کے ترجمان جی رامچندر راؤ کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔۔