قانون ساز کونسل کے منتخب ارکان کا آج حلف

حیدرآباد 29 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے گرائجویٹ حلقہ جات کے لئے منعقدہ انتخابات میں کامیابی حاصل کئے ہوئے دو نو منتخبہ ارکان قانون ساز کونسل مسرس پی راجیشور ریڈی (ٹی آر ایس) (حلقہ گرائجویٹ کھمم، ورنگل اور نلگنڈہ) اور رامچندر راؤ (بی جے پی) (حلقہ گرائجویٹ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر) توقع ہے کہ کل 30 مارچ کو اپنی رکنیت کا حلف لیں گے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے باوثوق ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ 30 مارچ کو 11 بجے دن دونوں نومنتخب ارکان کونسل کو کونسل کی رکنیت کا حلف دلائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ صدرنشین قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ نے عہدیداروں کو نومنتخبہ ارکان کونسل کی حلف برداری کے لئے انتظامات کی ہدایت دی۔ اسی دوران تلنگانہ قانون ساز کونسل کیلئے سابق میں ارکان اسمبلی کوٹہ کے تحت منتخبہ ارکان کونسل مسرس ڈی سرینواس، حافظ پیر شبیر احمد، کے آر آموس (کانگریس)، موجودہ ٹی آر ایس این راج لنگم (کانگریس)، موجودہ ٹی آر کے یادو ریڈی (کانگریس) ، موجودہ ٹی آر ایس بی لکشمی نارائنا (ٹی آر ایس) ، بی وینکٹیشورلو (ٹی آر ایس) کے علاوہ گورنر کوٹہ کے تحت نامزد بی وینکٹ راؤ (نظام آباد) اور حلقہ گرائجویٹس کوٹہ کے تحت سابق میں منتخبہ کے ناگیشور (حیدرآباد ۔ رنگاریڈی اور محبوب نگر) اور کے دلیپ کمار (نلگنڈہ، کھمم اور ورنگل) کی میعاد آج ختم ہوگئی۔ اس طرح مذکورہ ارکان کونسل اپنی میعاد کی تکمیل کے بعد آج کونسل رکنیت سے سبکدوش ہوئے۔