حیدرآباد 19 فبروری ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ قانون ساز کونسل کی دو مخلوعہ نشستوں پر انتخابات کے پیش نظر انتخابی ضابطہ اخلاق پر نفاذ کے باعث کل یعنی 20 فبروری سے سرکاری اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کو باقاعدہ بناتے ہوئے پٹہ جات تقسیم کرنے کے پروگرام کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے تمام ضلع کلکٹر کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سرکاری اراضیات پر غیر مجاز قبضوں کو باقاعدہ بنانے اور متعلقہ افراد کو پٹہ جات حوالہ کرنے کی منڈل و ضلع سطح پر تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں ۔ بتایا جاتا ہیکہ حکومت نے تمام ضلع کلکٹروں کو گذشتہ دنوں کے دوران 20 فبروری کو باقاعدہ طور پر ضلع و منڈل سطح پر سرکاری اراضیات پر غیر مجاز قبضوںکو باقاعدہ بنانے کے پروگرام کا اعلان کیا تھا اور تب انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کا حکومت کو کوئی اندازہ نہیں تھا جس کی وجہ سے 20 فبروری کی تاریخ حکومت کی جانب سے مقرر کی گئی تھی۔