کانفیڈریشن آف اے پی کنزیومرس آرگنائزیشن ورکنگ کمیٹی کا اجلاس، ڈاکٹر وینکٹیشورلو کا خطاب
حیدرآباد 15 جون (سیاست نیوز) ریاست کی تقسیم اور تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد مختلف اداروں اور انجمنوں کے علاوہ رضاکارانہ تنظیمیں بھی علیحدگی اختیار کررہی ہیں۔ آج اس خصوص میں کانفیڈریشن آف آندھراپردیش کنزیومرس آرگنائزیشن بھی تقسیم ہوگئی اور دونوں ریاستوں کی ورکنگ کمیٹی کا دوستانہ اجلاس آج یہاں اے ایم سی ہال کوٹھی میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر کمشنر انفارمیشن مسٹر ڈاکٹر درے وینکٹیشورلو نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج قانون حق اطلاعات کو دیہی سطح پر عام کرنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ کسی بھی قانون یا پھر اس کی کامیابی اس وقت ہوسکتی ہے جب عوام اپنے حق کے لئے سوال کریں۔ اُنھوں نے دونوں ریاستوں کے کنزیومر کانفیڈریشن کارکنوں و قائدین کو مبارکباد پیش کی۔ اور نئی تشکیل شدہ کانفیڈریشن آف آل تلنگانہ کنزیومر آرگنائزیشن Catco کو مبارکباد پیش کی اور عوامی خدمات کی سراہنا کی۔ اُنھوں نے پر زور انداز میں کہاکہ دیہی سطح پر شعور بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر کنزیومر کانفیڈریشن کونسل کے قومی چیرمین کرشنا ریڈی،تلنگانہ کے چیرمین سرینواس راؤ، جنرل سکریٹری پروفیسر بالا کرشنا ریڈی اور تلنگانہ ریجنل سکریٹری امجد علی بھونگیری کے علاوہ دیگر موجود تھے۔