قاضی پیٹ میں ویگن فیاکٹری اور کوچس کی تیاری ، فیاکٹری کے قیام کا مطالبہ

حیدرآباد۔ 7 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے آج ریل نیلائم سکندرآباد میں جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے سریواستو سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں ریلویز کے نئے پراجکٹس پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ریلوے بجٹ میں تلنگانہ کیلئے اعلان کردہ پراجکٹس کے آغاز پر بات چیت کی گئی۔ ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے جنرل مینجر کو بعض تجاویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں واقع 6 ریلوے ڈیویژنوں میں سکندرآباد ڈیویژن سب سے زیادہ آمدنی والا ڈیویژن ہے لیکن ریلویز کی جانب سے اس ڈیویژن کی ترقی کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ قاضی پیٹ ڈیویژن میں، ویگن فیکٹری اور کوچیس کی تیاری سے متعلق فیکٹری کے قیام کیلئے عاجلانہ اقدامات کی خواہش کی گئی۔ ارکان پارلیمنٹ نے قاضی پیٹ سے سورت کیلئے روزانہ ریل کے انتظام کا مطالبہ کیا۔ قاضی پیٹ ورنگل ریلوے جنکشن کو عصری بنانے کی تجویز پیش کی گئی ۔ جڑچرلہ ، ماچرلہ ریلوے لائین کا کام جلد مکمل کرنے جنرل مینجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے سے خواہش کی گئی۔

ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ تلنگانہ میں موجود ریلوے لائین نظام دورِ حکومت کی بچھائی ہوئی ہے۔ انہوں نے شکایت کی کہ ریلوے میں ترقیاتی کاموں میں عمل آوری کا طریقہ کار نقائص سے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے بورڈ کو منسوخ کرتے ہوئے غیر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔ تاکہ ریلویز کی کارکر دگی کو بہتر بنایا جاسکے ۔ ارکان پارلیمنٹ نے مادنا پیٹ ریلوے لائین کا کام جلد مکمل کرنے منوہر آباد تا کتہ پلی ریلوے لائین کیلئے اراضی کے حصول کو جلد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ ایم ایم ٹی ایس کی توسیع کے سلسلہ میں لنگم پلی سے پٹن چیرو ریلوے لائین مکمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ پٹن چیرو سے سنگا ریڈی تک ایم ایم ٹی ایس کو توسیع دینے کی تجویز پیش کی گئی۔ ارکان پارلیمنٹ نے کہا کہ تلنگانہ سے متعلق ریلوے پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کیلئے وہ مرکزی وزیر ریلوے سریش پربھو سے ملاقات کریں گے۔