قادر علی بیگ نے حیدرآباد کے تھیٹر کو عالمی اُفق پر منفرد مقام دلوایا

برطانیہ ، امریکہ کے علاوہ دیگر ممالک میں اردو کے شیدائیوں کی اردو ڈراموں سے دلچسپی
حیدرآباد۔ 3نومبر(سیاست نیوز) تھیٹر کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ شائقین تھیٹر اس کی پذیرائی کریں کیونکہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہی تھیٹر کی کی ترقی کی ضمانت ہوتی ہے ۔ پدم شری محمد علی بیگ نے قادر علی بیگ فاؤنڈیشن اور تھیٹر کے سفر کے سلسلہ میں خصوصی ملاقات کے دوران بتایا کہ شہر حیدرآباد کے تھیٹر کو قادر علی بیگ نے اپنے دور میں عالمی افق پر منفرد مقام دلوایا تھااور اس مقام کی برقراری اور تھیٹر کی ترقی ہی انہیں بہترین خراج ثابت ہوسکتا ہے اسی لئے قادر علی بیگ فاؤنڈیشن کے ذریعہ سالانہ تھیٹر فیسٹیول کے انعقاد کرتے ہوئے تھیٹر کیلئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جارہاہے ۔ محمد علی بیگ نے بتایا کہ اردو تھیٹر کو دنیا کے مختلف ممالک میں زبردست پذیرائی حاصل ہوتی ہے اور برطانیہ ‘ امریکہ‘ کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی اردو کے شیدائی اردو تھیٹر ڈراموں میں دلچسپی لیتے ہیں جس کے سبب ان ممالک میں اردو تھیٹر کا مستقبل تابناک نظر آتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اردو تھیٹر اردو کے تہذیبی فنون کا ایک عظیم حصہ ہے جو اردو والوں کا تیذیبی ورثہ ہے اس ورثہ کی ترقی و تحفظ کیلئے کوشش کرنا بھی اردو والوں کی ذمہ داری ہے۔ جناب محمد علی بیگ نے بتایاکہ تھیٹر شائقین و فنکاروں کی پذیرائی کیلئے انہیں حوصلہ فراہم کیا جانا ناگزیر ہے۔محمد علی بیگ نے بتایا کہ جب تک تھیٹر کو قدر کی نگاہ سے نہیں دیکھاجاتا اور بچو ںمیں موجود فنکارانہ صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاتی اس وقت تک نئے فنکار پیدا ہونا مشکل ہے اسی لئے تھیٹر اور فنکاری کو نصاب کے حصہ کے طور پر رکھے جانے کی وکالت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک روزمرہ کے نصاب میں انہیں تھیٹر کی اہمیت سے واقف نہیں کروایا جاتااور اس سلسلہ میں خصوصی اقدامات نہیںکئے جاتے اس وقت تک اسٹیج شو کو بین الاقوامی سطح پر حاصل مقام کی طرح ہندستان میں مقام دلوایاجانا مشکل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد جناب قادر علی بیگ کے انتقال کے بعد انہوں نے تھیٹر کی دنیا سے خود کو الگ کرلیا تھا لیکن والد کے ساتھیوں نے ان کی فنکارانہ صلاحیتوں کی سراہنا کرتے ہوئے ان کے والد کو خراج پیش کرنے کیلئے ہی سہی تھیٹر کے احیاء پر زور دیا اور قادر علی بیگ فاؤنڈیشن کے نام سے ایک فاؤنڈیشن شروع کیا گیا جس سے تھیٹر کی دنیا کی معروف ترین شخصیات جڑی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تھیٹر کے ذریعہ اردو زبان کے ڈراموں کو دنیا بھر میں پیش کرنے میں قادر علی بیگ فاؤنڈیشن کو کلیدی مقام حاصل ہے جس نے اردو زبان میں حیدرآبادی تہذیب و تمدن کے علاوہ تاریخ کو دنیا کے سامنے پیش کیا ۔انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں قادر علی بیگ فاؤنڈیشن کے تھیٹر کی کامیابی کی علامت یہ ہے کہ ان کے تھیٹر شو میں نوجوانوں اور ضعیف العمر افراد کے لئے یکساں تفریح ہوتی ہے اوران کے ڈرامہ و اسٹیج شو خاندان کے ساتھ تفریح کا سامان ہیں ۔انہو ںنے بتایا کہ حیدرآباد میں تھیٹر کا مستقبل تابناک ہے اور نوجوان اگر فنکارانہ صلاحیتوں کو ابھارتے ہوئے اسٹیج شو کرتے ہیں تو ان کیلئے کافی مواقع ہیں ۔