قائد اپوزیشن عہدہ کیلئے کانگریس حقدار :سونیا

اگر کوئی مجھ سے رجوع ہوتو بات کرنے کیلئے تیار ہوں :اسپیکر
نئی دہلی 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج لوک سبھا میں قائد اپوزیشن کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے پارٹی کو یہ عہدہ دیئے جانے کی بھر پور وکالت کی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہی اس کی مستحق ہیں کیونکہ وہ سب سے بڑی واحد جماعت ہے۔ اس کے علاوہ یو پی اے ارکان پارلیمنٹ نے اسپیکر سمترا مہاجن کو مکتوب تحریر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں اس مسئلہ پر جلد فیصلہ کرنے پر زور دیا جائے گا ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج اس مسئلہ پر پہلی مرتبہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب سے بڑی واحد جماعت ہے اور انتخابات سے قبل ہم نے اتحاد کیا تھا چنانچہ قائد اپوزیشن کے عہدہ کے ہم مستحق ہیں۔ سونیا گاندھی کے ریمارکس کے فوری بعد پارٹی ترجمان آنند شرما نے کہا کہ کانگریس تمام امکانات کا جائزہ لے گی تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جمہوری طور پر درست اور صحیح نتیجہ پر پہنچا جاسکے ۔ انہوں نے اس معاملہ میں عدالت سے رجوع ہونے کا امکان بھی مسترد نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کو بھیجا جانے والا مکتوب تیارہے اور تمام یو پی اے ارکان پارلیمنٹ کی دستخط کے بعد اسے روانہ کیا جائے گا ۔ آنند شرما نے کہا کہ حکومت کے ارادے ٹھیک نہیں ۔ اس کی سوچ غیر جمہوری ہے ۔اس دوران اسپیکر سمترا مہاجن نے آج کہا کہ اگر کانگریس پارٹی ان سے رجوع ہو تو اس مسئلہ پر وہ بات چیت کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ان سے رجوع ہو خواہ وہ کانگریس پارٹی ہو یا کوئی اور پارٹی تو وہ ان سے ضرور بات کریں گی۔