اسلام آباد۔21ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی باوقار قائد اعظم یونیورسٹی کو سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر غیر معینہ مدت کیلئے بندکردیا گیاہے ۔ اسلام آباد میں واقع اس یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا کہ غیر معینہ مدت کیلئے یہ باوقار ادارہ بند کیا جارہا ہے ‘ تاہم انہوں نے کہا کہ انتظامی دفتر 2015ء کیلئے داخلوں کی تکمیل کے مقصد سے انتظامی دفتر کھلا رہے گا ۔ پاکستان کے اکثر تعلیمی ادارے20ڈسمبر سے شروع ہونے والی سرمائی تعطیلات کے سبب بند ہیں اور پشاور اسکول میں قتل عام کے اندوہ ناک واقعہ کے پیش نظر سیکیورٹی بنیادوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے اس یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت کیلئے بند رکھا جارہا ہے ۔ باوثوق ذرائع نے انٹلیجنس عہدیداروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ یونیورسٹی دہشت گردوں کا ایک آسان نشانہ بن سکتی ہے کیونکہ وہاں کافی بڑا کھلا علاقہ ہے اور کوئی باؤنڈری وال نہیں ہے ۔ قائد اعظم یونیورسٹی کے ایک سینئر فیکلٹی نمبر نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر کہا کہ ’’سیکیورٹی اداروں نے اس یونیورسٹی کے تحفظ و سلامتی کے بارے میں تشویش کا مظاہرہ کیا تھا چنانچہ ہم نے اس کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردینے کا فیصلہ کیا ہے ‘‘ ۔ دارالحکومت میں واقع بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ( آئی آئی یو آئی‘ قومی یونیورسٹی برائے سائنس وٹکنالوجی ( این یو ایس ٹی ‘ بحریہ یونیورسٹی اور قومی جامعہ برائے عصری لسانیات بھی بند ہیں ۔