فیڈرر کی سیمی فائنلز میں دھماکو رسائی ، اگلے حریف ہم وطن واورِنکا

ویمنس کا پہلا سیمی فائنل بھی ہم وطن امریکی حریفوں وینس ولیمز اور کوکو واندیویگھی کے درمیان ہوگا۔ آج سرینا اور اُبھرتی اسٹار کونٹا کا مقابلہ
ملبورن ، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چار مرتبہ کے چمپئن روجر فیڈرر نے کئی برس پہلے کی طرح کے شاندار کھیل کے مظاہرے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جیسا کہ آج انھوں نے میشا زویریوو کو محض 92 منٹ میں 6-1، 7-5، 6-2 سے شکست دے دی اور آل کورٹ ٹینس کے اس عمدہ مظاہرے نے انھیں 13 ویں مرتبہ آسٹریلین اوپن سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ 18 ویں گرانڈ سلام ٹائٹل کیلئے کوشاں جو 2012ء سے پہلا ہوگا، 35 سالہ فیڈرر نے اپنے لیفٹ ہینڈر جرمن حریف کے سرویس۔ وولی پر مبنی گیم کو بے اثر کرتے ہوئے آخری چار کے مرحلے میں ہم وطن سوئس اسٹان واورِنکا کے ساتھ مقابلہ طے کرلیا۔ واورنکا نے بھی اپنا کوارٹرفائنل میچ سیدھے سٹوں میں جیتا لیکن اُن کا حریف جو۔ولفریڈ سونگا سے تلخ الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم،  آخرکار سوئس کھلاڑی نے 7-6(2)، 6-4، 6-3 کی فتح درج کرائی اور پہلے سیمی فائنل میں ہم وطن لجنڈ کے ساتھ مقابلہ مقرر کرلیا۔ ویمنس سیکشن میں امریکہ کی وینس ولیمز اور اُن کی ہم وطن کوکو واندیویگھی نے کامیابی حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ وینس نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے 14 سال بعد یہاں سیمی فائنل میں پہنچ کر نئی تاریخ رقم کردی۔ 36 سالہ وینس نے روس کی عالمی نمبر 24 انستاسیا پولوچنکووا کو سخت مسابقت میں زیر کیا۔ راڈ لیور اَرینا میں کھیلے گئے میچ میں پولوچنکووا نے ابتدائی طور پر امریکی اسٹار سے بہتر کھیل پیش کیا لیکن وہ اسے برقرار نہ رکھ سکیں اور وینس ایک گھنٹے ، 48 منٹ میں6-4، 7-6 سے جیت کر آسٹریلین اوپن سیمی فائنل میں پہنچنے والی سب سے زیادہ عمر والی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ وینس اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ آسٹریلیا اوپن سیمی فائنلز میں پہنچی ہیں۔ وینس کی چھوٹی بہن سرینا اور برطانیہ کی پُراعتماد یوہانا کونٹا چہارشنبہ کو کوارٹرز میں مقابلہ کریں گی۔ آج کا دیگر کوارٹر فائنل امریکہ کی ہی کوکو اور اسپین کی گاربائن موغوروزا کے مابین ہوا۔ کوکو نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 6-4، 6-0 سے کامیابی سمیٹ کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز میں جگہ بنا لی۔