حیدرآباد 6نومبر (یواین آئی )فیشن شوکی مخالفت کرتے ہوئے آندھراپردیش کے وجئے واڑہ میں خواتین تنظیموں کے مختلف گروپس نے اس میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ اس سے نیاتنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ان خواتین نے پب کلچر کی شدید مخالفت کی اور کہا کہ یہ تہذیب کے خلاف ہے ۔اس موقع پر ان خواتین تنظیموں کی بحث وتکرار فیشن شو کے منتظمین سے ہوگئی ۔اس احتجاج پر اس فیشن شو کو ملتوی کرنے پر منتظمین کو مجبور ہونا پڑا۔اس احتجاج کی اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی جس نے ان خواتین کو سمجھانے کی کوشش کی۔اس موقع پر ان خواتین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ فیشن شو اور کیٹ واک کے نام پر لڑکیوں کو نیم برہنہ کیا جارہا ہے جو تہذیب کے خلاف ہے اور پہلے ہی وجئے واڑہ میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس طرح کے فیشن شو سے نوجوانوں کے مستقبل خراب ہوں گے اور جرائم کی وارداتوں میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ان خواتین نے انتباہ دیا کہ فیشن شو کے نام پر اس طرح کے کلچر کو وہ برداشت نہیں کریں گی ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے فیشن شوز کے اہتمام کے ذریعہ وجئے واڑہ کی شبیہ متاثر ہوگی اور وہ اس کو برداشت نہیں کریں گے ۔