فیس بک اور کیمبرج انالٹیکا کو دوسری نوٹس جاری

نئی دہلی ۔ /25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت نے کیمبرج انالٹیکا اور فیس بک کے آج دوسری مرتبہ نوٹس جاری کرتے ہوئے دنیا کی رازداری کے مسئلہ پر اصولوں کی خلاف ورزی کے بارے میں مزید تفصیلات طلب کی ہے ۔ حکومت نے اپنی پہلی نوٹس پر کیمبرج انالٹیکا کے مبہم جواب کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے برطانوی ڈیٹا انالیٹکس ادارہ اور فیس بک کو دوبارہ نوٹس جاری کی اور صارفین کی تفصیلات کے بیجا استعمال کے بارے میں مزید سوالات کئے گئے ہیں ۔ فیس بک سے کہا گیا ہے کہ استعمال کنندگان کی تفصیلات کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی فہرست پیش کی جائے تاکہ ہندوستانی صارفین کی تفصیلات کا انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوششوں کے لئے غلط استعمال نہ کیا جاسکے ۔ ذرائع نے اپنی شناحت ظاہر نہ کرنے کی خواہش کے ساتھ کہا کہ ان دونوں کمپنیوں کو /10 مئی تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

گرین ٹیکنالوجی میں ہندوستان اور سویڈن کے درمیان تعاون
ممبئی۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ دورۂ سویڈن سے دو ممالک کے درمیان گرین ٹیکنالوجی میں وسیع تر تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔ سویڈش پی ایم او میں سیاسی مشیر نیلا ویکھے پاٹل نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن کے وزیراعظم کیسل اسٹیفن لافوین کے ساتھ نریندر مودی کی بات چیت ثمرآور رہی ہے۔ ویکھے پاٹل نے کہا کہ ہندوستان کے وزیراعظم نے گزشتہ ہفتہ سویڈن کا دورہ کیا جس کا مقصد اختراع اور گرین ٹیکنالوجی میں تعاون و اشتراک کیلئے اقدامات کرنا تھا جو کہ ایک باہمی فائدہ کی شراکت ہوگی۔ تاکہ دونوں ممالک کیلئے ترقی اور مواقع میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون و اشتراک کیلئے کافی امکانات ہیں۔ ہندوستان میں ماہر عالمی معیار کے انجینئرس ہیں جو اختراعی سلیوشنس دے سکتے ہیں ۔