فہرست رائے دہندگان کے اندراج کے پہلے دن حوصلہ افزاء ردعمل

حیدرآباد 9 مارچ (این ایس ایس ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی طرف سے شہر کے مختلف مقامات پر قائم کردہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت / اخراج و تصحیح مراکز پر پہلے دن شہریوں کا حوصلہ افزاء رد عمل دیکھا گیا ۔ ریاستی دارالحکومت کے مختلف حصوں میں یہ مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں شہریوں نے پہنچ کر فہرست رائے دہندگان میں اپنے نام شامل کروایا ۔ نوجوانوں کی کثیر تعداد جو آئندہ انتخابات میں پہلی مرتبہ ووٹ دیں گی ان مراکز پر پہنچ کر فہرستوں میں اپنا نام شامل کروایا ۔ جی ایچ ایم سی سنٹرل زونل کمشنر رونالڈ راس، حمایت نگر تحصیلدار سُگنا اور دوسروں نے مراکز کا معائنہ کیا ۔ خیرت آباد کے رائے شماری مرکز کا معائنہ بھی کیا گیا جو نارائن گوڑہ کے کشیو میموریل ہائی اسکول میں قائم کیا گیا ہے ۔ مسٹر رونالڈ راس نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی خیرت آباد کے تحت تمام 213 پولنگ بوتھس پر یہ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔