فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کا کام تیزی سے جاری

فرضی ووٹرس کی تفصیلات بوتھ لیول آفیسرس کے حوالے ، 25 ستمبر تک تکمیل
حیدرآباد۔18ستمبر(سیاست نیوز) فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے کاموںمیں تیزی پیدا کردی گئی ہے اور ضلع حیدرآباد کے حدود میں نشاندہی کردہ دوہرے رائے دہندگان ‘ فرضی رائے دہندگان کے پتوں کی تفصیلات بوتھ لیول آفیسرس کے حوالہ کردی گئی ہیں۔ ضلع الکٹورل آفیسر و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے یہ بات بتائی ۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں 2014 سے اب تک 1لاکھ 22ہزار رائے دہندے فوت ہوئے ہیں اور ان متوفی رائے دہندوں کی تفصیل بھی فہرست رائے دہندگان کی تیار ی میں مصروف عہدیداروں کے حوالہ کردی گئی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ شہر حیدرآباد کی فہرست رائے دہندگان میں تاحال 75ہزار 654 دوہرے رائے دہندوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے ناموں کو حذف کرنے کے سلسلہ میں انہیں نوٹس جاری کردی گئی ہے او ربہت جلد ان ناموں کو حذف کردیا جائے گا۔ مسٹر دانا کشور نے بتایاکہ 12ہزار کے قریب مکان نمبرات بوتھ لیول آفیسرس کے علاوہ سپروائزرس کے حوالہ کئے گئے ہیں جہاں مکان پہنچ کر رائے دہندوں کی تفصیل حاصل کی جائے گی۔ الیکنش کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ترمیم کردہ تاریخ کے مطابق 25 ستمبر تک فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی ‘ ناموں کے اندراج کے علاوہ اعتراضات و ادعا جات کی وصولی کے عمل کو مکمل کرلیا جانا ہے اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے رائے دہندوں میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ مختلف مقامات پر نئے رائے دہندوں کے ناموں کے اندراج کی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔حیدرآبادکی فہرست رائے دہندگان کی تیاری اور اسے مکمل طور پر نقائص سے پاک بنانے کیلئے ضلع الکٹورل آفیسر نے 7 ڈپٹی کلکٹرس‘ 100 وی آر اوز اور دیگر عملہ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس عملہ کو نقائص سے پاک ووٹ لسٹ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ احکامات اور رہنمایانہ خطوط کے مطابق انہیں ذمہ داریاں تفویض کی جا رہی ہیں ۔ شہر حیدرآباد میں فرضی رائے دہندوں اور متوفی رائے دہندوں کے ناموں کی فہرست میں برقراری کے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں اس کے علاوہ بعض گوشوں کی جانب سے دوہرے رائے دہندوں کی بھی شناخت کی جا رہی ہے ۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ ان تمام شکایات کا بغور جائزہ لیتے ہوئے ان کا ازالہ کیا جائے گا۔