فٹ پاتھ کی تعمیرات و سڑکوں کی توسیع کو اکٹوبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس۔ کاموں کی پیشرفت کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق ارویند کمار نے جی ایچ ایم سی کے حدود میں جاری فٹ پاتھ کی تعمیرات ، سڑکوں کی توسیع ، سی سی روڈ کی تعمیرات کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں اکٹوبر کی اواخر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ ارویند کمار نے آج خیریت آباد زونل آفس میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے زونل کے حدود میں جاری کاموں کا جائزہ لیا ۔ اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے معاملے میں وہ کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے مقررہ وقت سے قبل معیاری کام مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ فٹ پاتھس ، سی سی روڈس کی تعمیرات اور سڑکوں کی توسیع کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بی ٹی سڑکیں موسم برسات کے بعد تعمیر کریں ۔ اس سے متعلق ٹنڈرس کے عمل کو پورا کر لینے کی ہدایت دی ۔ بلدیہ کے ترقیاتی و تعمیری کام کرنے والے انجینئرس کو جی ایچ ایم سی کے جاکیٹ زیب تن کرنے کا مشورہ دیا ۔ اگزیکٹیو انجینئرس کو اپنے حدود میں وارڈ ارکان و دوسری تنظیموں کے اجلاس طلب کرکے ترقیاتی و تعمیری کاموں میں ان سے صلاح و مشورہ اور ان کا تعاون حاصل کرنے پر زور دیا ۔ عہدیداروں کی نشاندہی کردہ کاموں کے تعلق سے عوام سے ملنے والے اعتراضات کو مثبت انداز میں نمٹنے کے احکامات جاری کئے ۔ عوامی مسائل کو سماجی ذمہ داری سے پورا کرنے کے اقدامات کریں ۔ اجلاس میں جی ایچ ایم سی کے کمشنر جناردھن ریڈی ، چیف انجینئر ضیا الدین ، ایڈیشنل کمشنر بھارتی ہولکری کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ بعد ازاں چیف سکریٹری خیریت آباد زونل آفس کے حدود میں شجرکاری پروگرام میں بھی حصہ لیا ہے ۔