کارکردگی میں مزید بہتری پیدا کرنے جی ایچ ایم سی کے شعبہ ڈائرکٹوریٹ آف انفورسمنٹ ویجلنس و ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو مشورہ
حیدرآباد۔19اگسٹ (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی کے نو قائم شدہ شعبہ ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ‘ ویجلنس اینڈ ڈساسٹر مینجمنٹ کی جانب سے 30 جون سے شروع کردہ ناجائز قبضہ جات کی برخواستگی کی مہم کے دوران اب تک 10ہزار 237 ناجائز قبضوں کو برخواست کیا گیا جس پر ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے اس نئے شعبہ کی ستائش کرتے ہوئے ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے کاموں میں مزید تیزی لانے اور ان کو اور بہتر انداز میں انجام دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بہت کچھ کرنا اب بھی باقی ہے جو اس شعبہ سے توقع کی جا رہی ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کی جانے والی اس کاروائی کے دوران فٹ پاتھ پر موجود قبضوں کو برخواست کرنے کے علاوہ ان تعمیرات کو بھی منہدم کردیا گیا جو کہ سڑک اور فٹ پر تعمیر کی گئی تھیں۔ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ‘ ویجلنس اینڈ ڈساسٹر مینجمنٹ مسٹروسواجیت کمپاٹی نے جو تفصیلات فراہم کی ہیں ان کے مطابق 30جون تا18 اگسٹ جملہ 6 مرتبہ مہم چلائی گئیں اور ان مہم کے دوران نشاندہی کردہ مقامات پر فٹ پاتھ کی صفائی اور ان پر موجود قبضہ جات کی برخواستگی عمل میں لائی گئی اور اس طرح کی مزید کاروائیاں انجام دینے کے سلسلہ میں منصوبہ تیار کیا ہے اور اس منصوبہ کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مصروف ترین علاقوں اور جی ایچ ایم سی حدود میں آنے والے مقامات پر فٹ پاتھ پر موجود ناجائز قبضوں کو برخواست کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پہلی مہم جو کہ 30جون تا2جولائی چلائی گئی تھی اس دوران 4669 قبضہ جات کو برخواست کیا گیا اور دوسری مہم جو کہ 7جولائی کو چلائی گئی اس ایک دن میں ریکارڈ 1271 قبضہ جات کو برخواست کیا گیا۔ اسی طرح تیسری مہم 21جولائی کو چلائی گئی جس میں 1009 قبضوں کی برخواستگی عمل میں لائی گئی جبکہ چوتھی مہم 28جولائی کو چلائی گئی جس میں 1496 قبضہ جات کو برخواست کرتے ہوئے دوسری مہم کا ریکارڈ توڑا گیا۔ 5ویں قبضوں کی برخواستگی کی مہم کے دوران جو کہ 9اور 10 اگسٹ کو چلائی گئی تھی میں 1380قبضوں کو برخواست کیا گیا اور 18 اگسٹ کو چلائی گئی چھٹویں مہم کے دوران 412 فٹ پاتھ قابضین کے قبضوں کو ہٹایا گیا۔اس نئے شعبہ کی کارکردگی کے سبب دونوں شہروں میں فٹ پاتھ پر قبضہ کرنے والے بیشتر قابضین کی جانب سے اپنے طور پر قبضہ برخواست کئے جانے لگے ہیں اور جن قبضوں کو برخواست کئے جانے کے بعد دوبارہ قبضہ کی کوشش کی جارہی ہے ان کے خلاف شعبہ کی جانب سے فوجداری مقدمات کے اندراج کا انتباہ دیا جا رہاہے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادڈاکٹر بی جناردھان ریڈی کے علاوہ مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن نے بھی نو قائم شدہ شعبہ کی کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس شعبہ کی جانب سے انجام دی جانے والی کاروائیاں قابل ستائش ہیں۔