فٹ پاتھس پر انہدامی کارروائی جاری رکھی جائے

نکڑ تجارت کے تعلق سے احتیاط ضروری : کے ٹی آر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے شہر میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے فٹ پاتھ سے ناجائز قبضوں کی انہدامی کارروائی کا جائزہ لیتے ہوئے اس کو جاری رکھنے اور نکڑ تجارت کے تعلق سے احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیا۔ شہر میں وینڈنگ زونس کیلئے ایپ تیار کرنے حکم دیا ۔ شہر میں فٹ پاتھس کی بحالی کیلئے جی ایچ ایم سی کارروائی کر رہی ہے ۔ مختلف علاقوں میں فٹ پاتھس پر ناجائز قبضوں کو منہدم کیا گیا ۔ اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے وزیر بلدی نظم و نسق نے ان کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس کو جاری رکھنے پر زور دیا، تاہم ناجائز قبضوں کی برخاستگی کے دوران نکڑ تجارت کو پیش نظر رکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی اور کہا کہ یہ ایک حساس مسئلہ ہے جس سے نرمی سے نمٹنا چاہئے۔ کے ٹی آر نے شہر میں ’وینڈنگ زونس‘ پر ایک ایپلیکیشن تیار کرنے کا عہدیداروں کو مشورہ دیا۔ انہوں نے نکڑ پر تجارت کرنے والوں سے ملاقات کرنے ناجائز قبضوں کی انہدامی کے بعد فوری فٹ پاتھس تعمیر کرنے کے بھی احکام جاری کئے۔ وزیر موصوف نے عہدیداروں کو عصری تقاضوں سے لیس یونیفائیڈ ڈیزائن پر مشتمل تمام سہولتوں سے آراستہ فٹ پاھس کی تعمیرات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ نئے فٹ پاتھس کی نگرانی کرنے کی زونل کمشنرس کو ذمہ داری دی۔ بار بار فٹ پاتھس پر قبضہ کرنے والے مالکین کے ٹریڈ لائسنس منسوخ کرنے پر غور کا مشورہ دیا ۔ فٹ پاتھس پر نصب ٹرانسفارمرس اور دیگر تعمیرات کے بارے میں ٹرانسکو کے ساتھ دوسری ایجنسیوں کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔