فٹ پاتھس قبضہ جات برخاستگی کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نگرانی، چھ خصوصی ٹیموں کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 30 جون (سیاست نیوز) شہر میں غیرمجاز فٹ پاتھ قابضین کے خلاف جی ایچ ایم سی نے بڑے پیمانے پر خصوصی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ اس تین روزہ مہم کے دوران بلدیہ نے 4,133 قبضوںکی نشاندہی کی ہے اور آج اس کا آغاز کرتے ہوئے بلدیہ نے 1,024 ناجائز قابضین کو فٹ پاتھ سے ہٹادیا۔ تاہم اس مہم سے غریب چلر بیوپاریوں کو نقصان اور ان کے روزگار پر اصرار کی باتوں کو بلدی کمشنر نے مسترد کردیا ہے اور بتایا کہ چلر بیوپاریوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ صرف ایسے قبضوں کے خلاف کارروائی ہورہی ہے جو فٹ پاتھ پر غیرمجاز طور پر مستقل قبضہ کرچکے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر مسٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ انہدامی کارروائی جی ایچ ایم سی کے انفورسمنٹ ڈائرکٹریٹ کی نگرانی میں انجام دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھوٹے بیوپاریوں کے لئے بلدیہ کی جانب سے اسٹریٹ وینڈنگ پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ اس مہم کا آغاز بہت زیادہ ضروری تھا کیونکہ شہر سے ٹریفک کے مسئلہ پر کئی مرتبہ ہائیکورٹ نے بلدیہ کو ہدایت دی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ 20 افراد پر مشتمل 6 ٹیموں کو شہر کے مختلف علاقوں میں فٹ پاتھ قابضین کی برخاستگی کی ذمہ داری دی گئی ہے اور اس کارروائی میں پولیس اور دیگر محکموں کی مدد بھی حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں کل 48 اہم راستوں پر مشتمل 127.5 کیلو میٹر پر فٹ پاتھ پایا جاتا ہے جن میں پہلے مرحلے کے تحت فٹ پاتھ پر پائے جانے والے 4,133 ناجائز قبضوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ شہر میں کل 9,100 کیلو میٹر کی سڑکیں ہیں جبکہ 54 لاکھ رجسٹریشن گاڑیاں پائی جاتی ہیں اس کے علاوہ 5 لاکھ گاڑیوں کی روزآنہ دوسرے مقامات سے آمدورفت ہوتی ہے اور مرکز کی جانب سے عمل میں لائی جارہی اسٹریٹ وینڈر پالیسی کے تحت 24,580 چھوٹے اور چلر کاروباریوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان میں 22,324 افراد میں شناختی کارڈ جاری کئے گئے۔ شہر کے جملہ 135 وینڈنگ زونس میں یو سی ڈی کی جانب سے 24 کو ’’تووینڈنگ زون‘‘ قرار دیا گیا ہے جبکہ 77 کو فری وینڈنگ زون کو اور 34 زونس کو نارمل وینڈنگ زونس قرار دیا گیا ہے۔